دہلی-این سی آر سمیت شمالی ہند میں دیر رات آیا زلزلہ، نیپال میں 3 لوگوں کی ہوئی موت

   

نئی دہلی:دہلی-این سی آر سمیت پورے شمالی ہند میں منگل کی دیر رات زلزلے کے تیز جھٹکے لگے۔ دو مرتبہ تیز جھٹکے لگنے سے کئی کالونیوں اور محلوں میں لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ زلزلے کے جھٹکے دیر رات 1:58 بجے محسوس کیے گئے۔ کچھ وقت رک کر دو مرتبہ جھٹکے لگنے سے نیند میں سوئے لوگ بھی جاگ گئے اور گھروں سے باہر نکل آئے۔ وہیں زلزلے کا مرکز رہے نیپال میں تین لوگوں کی موت ہوگئی ہے۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق ڈوٹی ضلع میں ایک گھر گرنے سے ان لوگوں کی موت ہوئی ہے۔بے حد گھبرائے لوگوں میں سے کچھ نے اپنے گھروں اور دیواروں کو چیک کرنا شروع کردیا۔ کچھ دیر میں زلزلہ کی اطلاع ایک دوسرے کو بتانے اور اس کی تصدیق کرنے کے لیے لوگوں کے فون بجتے رہے۔ اطلاع کے مطابق، زلزلے کی شدت 6.3 سے زیادہ تھی۔ دلی این سی آر کے علاوہ اترپردیش اور اتراکھنڈ کے آس پاس کے اضلاع میں بھی لوگوں نے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے۔