نئی دہلی: دارالحکومت دہلی سے دبئی جانے والی اسپائس جیٹ ایئر لائن کے طیارے کو تکنیکی خرابی کی وجہ سے آج پاکستان کے کراچی ایئرپورٹ پر اترنا پڑا۔ طیارے کے تمام مسافرین محفوظ ہیں۔ ایئرلائن کے ترجمان کے مطابق فلائٹ نمبر ایس جی-11 کے ساتھ پروازکرنے والی بوئنگ B737 میں 150 سے زائد مسافر سوار تھے ۔ راستے میں طیارے میں تکنیکی خرابی کے باعث سگنل لائٹ چمکنے لگی جس کے بعد طیارے کا رخ کراچی کی طرف موڑ دیا گیا۔ طیارہ بحفاظت اتر گیا اور تمام مسافروں کو بحفاظت اتار کر مسافر خانے میں لے جایا گیا۔ کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کو ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔ بعد میں، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن نے اطلاع دی کہ عملہ کے ارکان نے دیکھا کہ بائیں طرف کے ایندھن ٹینک میں غیر معمولی طور پر ایندھن ختم ہو رہا ہے ۔ انہوں نے ایمرجنسی چیک لسٹ کے مطابق چیک کیا لیکن ایندھن کی سطح نیچے آتی رہی۔