نئی دہلی۔3؍مئی ( ایجنسیز ) گرمی کے موسم میں شدت آتے ہی قومی راجدھانی میں آتشزدگی کی وارداتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ تازہ واردات مشرقی دہلی کے شاہدرہ علاقہ میں ہوئی ہے جہاں وویک وہار میں واقع ایک 4 منزلہ عمارت میں خوفناک آگ لگ گئی جس میں کم از کم 9 افراد کی موت ہوگئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب وویک وہار کے 6 فلیٹس میں اچانک آگ لگ گئی۔ اس واردات کے پیچھے اصل وجہ شارٹ سرکٹ بتایا جارہا ہے حالانکہ کچھ لوگوں کا کہنا ہے یہ اے سی میں دھماکے کی وجہ سے آگ لگی ہے۔واردات کے بعد علاقے میں افراتفری مچ گئی۔ فائر ڈپارٹمنٹ کو صبح 3.47 بجے آگ لگنے کی کال موصول ہوئی جس کے بعد فائر انجن جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ آگ لگنے کے بعد اس میں کئی لوگ پھنس گئے جنہیں ریسکیو ٹیموں نے بڑی مشقت کے بعد باہر نکالا۔ اس واردات میں 9 لوگوں کی جھلسنے سے موت ہوگئی جبکہ 16 دیگر افراد کو بچا لیا گیا ہے۔ریسکیو اور آگ بجھانے کے دوران عمارت سے 10تا15 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ ان میں سے 2 افراد کو معمولی چوٹیں آئی ہیں ۔ دوسری منزل کے عقبی حصہ میں 5 نعشیں ملی ہیں، وہیں کچھ دوری پر ایک اور نعشیں ملی ہے اور 3 نعشیں اوپر کی منزل سے ملی ہیں۔ فی الحال متوفیوں کی شناخت ممکن نہیں ہے۔ اس واردات میں اب تک 9 افراد کی موت کی تصدیق ہوچکی۔ حلقہ کے رکن اسمبلی سنجے گوئل نے بتایا کہ یہ ایک انتہائی افسوسناک واقعہ ہے۔کچھ نعشیںڈھانچے میں تبدیل ہوچکی ہیں جن کی شناخت ڈی این اے سیمپلنگ کے ذریعے کی جائے گی۔پولیس نے شناخت کیلئے نعشوں کی تصاویر لے لی ہیں۔ پولیس نے پورے معاملے کی جانچ شروع کردی ہے۔H/A