دہلی میں مسلسل بارش، طیاروں کی آمدورفت میں تاخیر

   

مسافروں کو مشکلات کا سامنا، ایرپورٹ مسافروں کا ہجوم
حیدرآباد۔25۔مئی ۔(سیاست نیوز) دہلی میں جاری مسلسل موسلادھار بارشوں کے دوران شہر حیدرآباد پہنچنے والی پروازوں میں تاخیر دیکھی گئی ۔ دہلی میں ہونے والی بارش کے اثرات راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر بھی محسوس کئے گئے جہاں ملک کے مختلف شہروں سے حیدرآباد پہنچنے والی پروازوں میں 30 منٹ تک کی تاخیر ریکارڈ کی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ ہندستان کے مختلف شہروں سے براہ دہلی حیدرآباد پہنچنے والی پروازوں میں ہونے والی تاخیر کے نتیجہ میں حیدرآباد سے اندرون ملک روانہ ہونے والی پروازوں پر بھی اثر ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق دہلی میں ہونے والی موسلادھار بارش اور 80تا85کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیںچلنے کے نتیجہ میں اندرا گاندھی انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر پروازوں کی آمد ورفت میں پڑنے والے خلل کے اثرات شہرحیدرآباد میں راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر بھی مرتب ہوئے جہاں پروازوں میں تاخیر کے سبب مسافرین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ فضائی کمپنیو ںکے ذمہ دارو ںنے بتایا کہ اندرون ملک پروازوں کی آمد و رفت بالخصوص وہ پروازیں جو براہ دہلی حیدرآباد پہنچ رہی تھیں یا براہ دہلی ملک کے کسی اور شہر کے لئے روانہ ہونے والی تھیں ان تمام پروازوںکی آمد و رفت میں تاخیر ہوئی ۔25 مئی بروز اتوار صبح کے اوقات میں پہنچنے والی پروازوں میں ہونے والی اس تاخیر کے نتیجہ میں ائیر پورٹ پر مسافرین کا اژدہام ہوگیا تھا ۔ذرائع کے مطابق گذشتہ شب دہلی میں ہوئی بارش کے اثرات جو حیدرآباد ائیرپورٹ پر مرتب ہوئے تھے ان پر دوپہر تک قابو پالیا گیا۔3