نئی دہلی : قومی دارالحکومت دہلی میں پیر کی دوپہر کے بعد شدید بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی درج کی گئی۔دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) کے ایک سینئر افسر نے یو این آئی کو بتایا کہ تیز رفتار ہواؤں نے تباہی مچا دی، دہلی کے کئی حصوں میں درخت اور ہورڈنگز اکھڑ گئے۔ایم سی ڈی کے افسر نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن بارش سے درختوں اور املاک کو پہنچنے والے نقصان کا اندازہ لگا رہی ہے۔دہلی میں ابر آلود آسمان کے ساتھ دوپہر کے بعد اچانک تیز ہوائیں چلیں اوردہلی۔ این سی آر کے کچھ حصوں میں بارش ہوئی۔اس سے قبل علاقائی موسم کی پیش قیاسی مرکز (آر ڈبلیو ایف سی) نے 30سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا اور گرج چمک کے ساتھ درمیانی شدت کی بارش کی وارننگ دی تھی۔انہوں نے قومی راجدھانی اور مغربی، شمال مغربی، جنوب بشمول جنوب مغربی دہلی اور اس سے ملحقہ علاقوں میں اگلے دو گھنٹوں کے دوران اس طرح کی صورتحال پیدا ہونے کی پیش قیاسی کی تھی۔