رانچی/جامتاڑا، 3 اگست (آئی اے این ایس) جھارکھنڈ کے بدنام زمانہ گینگسٹر سجیت سنہا کی پولیس انکاؤنٹر میں ہلاکت کے بعد ریاست کے متعدد حساس اضلاع میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ پولیس نے دھنباد، رانچی، پلامو، رام گڑھ، جامتاڑا اور دیگر اضلاع میں سیکیورٹی سخت کرتے ہوئے انٹیلی جنس اداروں کو بھی چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے۔ پولیس کے مطابق اتوار کی رات جامتاڑا ضلع میں پیش آئے اس پولیس انکاؤنٹرکے ساتھ ہی ریاست میں گزشتہ تقریباً دو دہائیوں سے منظم جرائم کی ایک اہم داستان اپنے اختتام کو پہنچ گئی۔ سجیت سنہا قتل، بھتہ خوری، اغوا، اسلحہ ایکٹ کی خلاف ورزی اور دیگر سنگین جرائم سمیت 75 سے زائد مقدمات میں مطلوب تھا اور خاص طور پرکوئلہ پیدا کرنے والے علاقوں اور پلامو خطے میں خوف کی علامت سمجھا جاتا تھا۔اگرچہ سجیت سنہا پلامو ڈبل قتل مقدمہ میں عمر قید کی سزا کاٹ رہا تھا، تاہم تحقیقاتی ایجنسیوں کا دعویٰ ہے کہ وہ جیل کے اندر سے ہی اپنے جرائم پیشہ نیٹ ورک کو مسلسل چلا رہا تھا۔پولیس کے مطابق اتوارکی شام اسے صاحب گنج ڈویڑنل جیل سے دھنباد ڈویڑنل جیل منتقل کیا جا رہا تھا۔ قیدیوں کا قافلہ صاحب گنج۔گووند پور قومی شاہراہ سے گزررہا تھا کہ جامتاڑا ضلع کے سپائی دیہ اورکیندبونا کے درمیان پولیس کی ایک حفاظتی گاڑی کا ٹائر پنکچر ہوگیا۔پولیس کے بموجب اسی دوران جب سجیت سنہا کو دوسری گاڑی میں منتقل کیا جا رہا تھا تو اس نے مبینہ طور پر ایک سیکورٹی اہلکار سے اسلحہ چھین لیا اور فرار ہونے کی کوشش کی۔ حکام کے مطابق اس نے پولیس ٹیم پر فائرنگ بھی کی، جس کے جواب میں پولیس نے جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں سجیت سنہا شدید زخمی ہو گیا اور بعد میں دم توڑ گیا۔