نئی دہلی 28 مئی (سیاست نیوز) دہلی پولیس نے ایک 22 سالہ لیڈی ڈان کو دارالحکومت کے فتح پور علاقہ سے گرفتار کیا ہے۔ وہ دیپک اگرولا اور کرم ویر کالا گینگ کی ممبر بھی بتائی جاتی ہے۔ اسپیشل سیل کی کارروائی میں گرفتار لیڈی ڈان کی شناخت کائیلی تنور کی حیثیت سے کی گئی جو اترپردیش میں غازی آباد کی متوطن ہے اور اُس کے سر پر 25 ہزار روپئے کا انعام ہے۔ پولیس نے بتایا کہ اُس کے بارے میں مخصوص اطلاع ملنے پر اسپیشل ٹیم حرکت میں آئی اور کائیلی کو گرفتار کیا جو لونی پولیس اسٹیشن میں درج ایک قتل کیس میں مطلوب ہے۔ وہ منڈی گاؤں میں رہ رہی تھی اور اُسے فتح پور کے بس اسٹانڈ کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔