دہلی کے رام لیلا میدان پر کل الیکشن کمیشن آف انڈیا کے خلاف احتجاج

   

انڈیا اتحاد میں سیاسی جماعتوں کے لاکھوں کارکنوں کے ساتھ کاکروچ جنتاپارٹی کی بھی شرکت

حیدرآباد۔29۔اکٹوبر(سیاست نیوز) رام لیلا میدان دہلی میں الیکشن کمیشن آف انڈیا کے خلاف یکم نومبر کو ہونے والے احتجاج میں انڈیا اتحاد میں شامل سیاسی جماعتوں کے وکارکنوں کی لاکھوں کی تعداد میں شرکت کے ساتھ ساتھ اب ’’کاکروچ جنتا پارٹی ‘‘ میں موجود نوجوان قائدین بھی شامل ہوں گے ۔ بانی کاکروچ جنتا پارٹی ابھیجت دیپکے کے علاوہ آشوتوش رانکا ‘ اور سوربھ داس نے رام لیلا میدان کے احتجاج کی تائید کا اعلان کرتے ہوئے دہلی میں موجود نوجوانوں اور ملک بھر سے جو لوگ دہلی پہنچ سکتے ہیں ان نوجوانوں کو رام لیلا میدان پر ہونے والے احتجاجی پروگرام میں شامل ہونے کی اپیل کی ہے ۔ دہلی کے سماجی جہدکاروں اور سرکردہ افراد کا کہناہے کہ انڈیا اتحاد کے احتجاجی پروگرام کو کاکروچ جنتاپارٹی کی تائید کے اعلان کے ساتھ اب سیاسی وابستگیوں سے بالاتر افراد بالخصوص وہ نوجوان جن کا کسی بھی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں ہے وہ بھی اس احتجاج میں شرکت کریں گے اس طرح اس احتجاجی پروگرام کو جو کہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے منعقد کیا جارہا تھا اس میں عوام کو بھی شامل ہونے کا موقع مل رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق رام لیلا میدان میں منعقد ہونے والے اس احتجاجی پروگرام میں زائد از 10 لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے لیکن اگر رکاوٹیں کھڑی کرتے ہوئے احتجاج میں شامل ہونے والوں کو روکنے کے اقدامات بھی کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں کم از کم 7 لاکھ افراد اس احتجاجی پروگرام میں شرکت کریں گے۔بتایا جاتاہے کہ کاکروچ جنتا پارٹی کی جانب سے انڈیا اتحاد کے اس پروگرام کی تائید کے ساتھ ہی سرکاری حلقوں کے علاوہ ایجنسیوں میں ہلچل پیدا ہوچکی ہے اور اب نوجوانوں کو اس احتجاجی پروگرام کا حصہ بننے سے روکنے کے اقدامات کے متعلق منصوبہ بندی کی جار ہی ہے۔یکم نومبر کو منعقد ہونے والے اس احتجاجی مظاہرہ کو ’انڈیا اتحاد‘ میں شامل سیاسی جماعتوں نے منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے ۔3
اور اس احتجاجی پروگرام کو ملک کی مختلف طلبہ تنظیموں ‘ کسانوں کی تنظیموں کے ساتھ ساتھ لیبر یونینوں کی تائید حاصل ہونے لگی ہے ۔ ملک کی مختلف ریاستوں سے اس احتجاج میں شامل ہونے کے لئے نوجوان دہلی پہنچ رہے ہیں علاوہ ازیں دہلی کی جامعات میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کی بھی بڑی تعداد اس احتجاجی مظاہرہ میںشامل ہوگی۔3