جمعیتہ العلما کے مفتی زبیر قاسمی کی نمائندگی پر ہریش راؤ کی ہدایت
حیدرآباد 10 نومبر ( سیاست نیوز ) ریاست میں عہدیداروں کی جانب سے کچھ اضلاع کے دینی مدارس کو نوٹس جاری کئے جانے کے بعد ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے ان نوٹسوں پر کارروائی کو موقف کردینے کی ہدایت دی ہے ۔ کل نلگنڈہ میں دینی مدارس کو حکومت سے نوٹس دئے جانے اور مدرسہ و طلبا کی تفصیلات حاصل کرنے کی اطلاع ملی تھی ۔ آج کچھ اور اضلاع میں بھی دینی مدارس کے ذمہ داران نے انہیں بھی نوٹس ملنے کی توثیق کی اور اس پر تشویش کا اظہار کیا ۔ اس اطلاع پر جمیعۃ العلماء مولانا ارشد مدنی گروپ کے جنرل سیکریٹری آندھرا پردیش و تلنگانہ مولانا مفتی محمود زبیر قاسمی نے ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ سے رابطہ کرتے ہوئے نوٹس کی تفصیلات سے واقف کروایا اور بتایا کہ ایسی نوٹس پر دینی مدارس کے ذمہ داران میں تشویش پیدا ہوئی ہے ۔ تفصیلات سے آگہی حاصل کرنے کے بعد ہریش راؤ نے عہدیداروں کو ایسی نوٹسوں پر کارروائی کوموقوف کردینے کی ہدایت دی ہے ۔