دیوالی کے بعد ملک کے کئی شہروں میں فضائی آلودگی کی سنگین صورتحال

   

ہریانہ کے بہادرگڑھ میں ایئر کوالٹی انڈیکس 400 درج کیا گیا، اتر پردیش اور راجستھان کے علاقے بھی شامل
حیدرآباد۔ 10 نومبر (سیاست نیوز) یوں تو دنیا بھر میں فضائی آلودگی کو کم کرنے کے لیے ماہرین کی جانب سے باقاعدہ مہم چلائی جا رہی ہے۔ ہندوستان کے کئی بڑے شہر بھی فضائی آلودگی سے بری طرح متاثر ہیں۔ عام طور پر گاڑیوں سے نکلنے والے دھوئیں اور صنعتی اداروں کے دھوئیں کے نتیجے میں فضائی آلودگی کا خطرہ لاحق ہوتا ہے، لیکن ہر سال دیوالی کے موقع پر آتش بازی بھی فضائی آلودگی میں اضافے کا اہم سبب بن رہی ہے۔ جہد کاروں نے اس مرتبہ بھی دیوالی کے موقع پر محدود انداز میں آتش بازی کا مشورہ دیا تھا، لیکن سخت گیر تنظیموں سے وابستہ افراد نے اس مہم کی سختی سے مخالفت کی۔ گزشتہ دنوں دیوالی کے بعد ملک کے کئی بڑے شہروں میں فضائی آلودگی کی صورتحال سنگین پائی گئی ہے۔ ایئر کوالٹی انڈیکس میں اضافہ درج کیا گیا ہے۔ ہریانہ کا بہادرگڑھ شہر سب سے زیادہ فضائی آلودگی سے متاثر ہوا ہے۔ دیوالی تہوار کے بعد ملک کے اہم شہروں میں ایئر کوالٹی انڈیکس کا جائزہ لیا گیا۔ ہریانہ کا بہادرگڑھ شہر اس فہرست میں آگے رہا، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 400 ریکارڈ کیا گیا۔ ہریانہ کا ہی چرخی دادری علاقہ دوسرے نمبر پر رہا، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 389 ریکارڈ کیا گیا۔ اتر پردیش کا شہر خورجہ تیسرے نمبر پر تھا، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 389 ریکارڈ ہوا ہے۔ دیوالی کے بعد فضائی آلودگی سے متاثرہ ملک کے 10 بڑے شہروں کی نشاندہی کی گئی۔ ان 10 شہروں میں ہریانہ کے 5 شہر شامل ہیں۔ فضائی آلودگی سے متاثرہ 10 بڑے شہروں میں ہریانہ کے 6 شہر شامل ہیں۔ دیگر ریاستوں میں راجستھان اور اتر پردیش کے شہر شامل کیے گئے۔ ہریانہ کا کیتھل علاقہ 10 شہروں کی فہرست میں آخری نمبر پر رہا، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 347 درج کیا گیا۔ تلنگانہ کا دارالحکومت حیدرآباد بھی ایئر کوالٹی انڈیکس میں اس مرتبہ آگے رہا ہے۔ ماہرین نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر آتش بازی کا سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو ملک کے کئی شہروں میں عوام کے لیے صاف ہوا میں سانس لینا بھی دوبھر ہو جائے گا۔ حیدرآباد میں دہلی جیسی صورتحال کی پیش قیاسی کی جا رہی ہے۔1