عالمی بازار میں سونے کی قیمت میں زبردست گراوٹ

   

نئی دہلی ۔8؍نومبر ( ایجنسیز )دنیا بھر میں سونے کی قیمتوں میں بڑی کمی دیکھی گئی ہے لیکن ہندوستان میں اس کا اثر نسبتاً کم رہا۔ عالمی بازار میں سونا 24 فیصد تک سستا ہواجبکہ ہندوستانی بازار میں اس کی قیمت میں تقریباً 20 فیصد کی کمی درج کی گئی۔ آخر ان دونوں بازاروں میں 4 فیصد کا یہ فرق ہونے کی بنیادی وجہ درآمدی ڈیوٹی میں اضافہ اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی ہیں۔عالمی بازار میں سونا اپنی ریکارڈ قیمت سے کافی نیچے آ چکا ہے۔ جمعہ کو اسپاٹ گولڈ کی قیمت 4,068.71 ڈالر فی اونس پر بند ہوئی۔ یہ 29 جنوری 2026 کو درج کی گئی 5,379 ڈالر فی اونس کی ریکارڈ قیمت سے تقریباً 24 فیصد کم ہے۔ قیمتوں میں اس بڑی گراوٹ کے بعد سونا ’بیئر مارکیٹ‘ میں داخل ہو چکا ہے۔دوسری جانب آل انڈیا صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق، دہلی میں دھن تیرس کے دن خالص سونا (99.9 فیصد) 1,46,300 روپے فی 10 گرام پر بند ہوا۔ 29 جنوری کو اس کی قیمت 1,83,000 روپے فی 10 گرام کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔ اس حساب سے ہندوستانی بازار میں سونے کی قیمت میں تقریباً 20 فیصد کی کمی درج کی گئی ہے۔ہندوستان اپنی ضرورت کا بیشتر سونا دوسرے ممالک سے درآمد کرتا ہے۔ اس لیے یہاں سونے کی قیمت صرف بین الاقوامی بازار کے اتار چڑھاؤ سے طے نہیں ہوتی بلکہ اس پر عائد ٹیکس بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔