رائے بریلی : کانگریس کے سابق صدر اور انڈیا اتحاد امیدوار راہول گاندھی نے اترپردیش کے رائے بریلی پارلیمانی حلقے سے یک طرفہ جیت حاصل کی ہے ۔ انہوں نے اپنے حریف اور اترپردیش حکومت نے وزیر بی جے پی کے دنیش پرتاپ سنگھ کو 3,90,000 سے زیادہ ووٹوں سے شکست دی ۔سال 2019میں راہول کو پڑوسی پارلیمانی حلقے امیتھی سے شکست کا سامنا کرناپڑا تھا۔ اور اس الیکشن میں اپنی ماں اور سابق کانگریس صدر سونیا گاندھی کے الیکشن نہ لڑنے کی خواہش کا اظہار کرنے کے بعد انہیں رائے بریلی سے پارٹی نے امیدوار بنایا تھا۔ رائے بریلی کو کانگریس کے قلعہ کے طور پر مانا جاتا ہے ۔راہول نے یہاں 6 لاکھ 87ہزار 649ووٹ حاصل کئے جبکہ بی جے پی کے دنیش پرتاپ سنگھ کو دو لاکھ 97ہزار 619 ووٹوں پر اکتفا کرنا پڑا۔ تیسرے مقام پر بی ایس پی امیدوار کو21624ووٹ ہی حاصل ہوئے ہیں۔سونیا گاندھی نے حال ہی میں اپنے رائے بریلی دورے کے دوران یہاں کی عوام سے جذباتی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنا بیٹا رائے بریلی کو سونپ رہی ہیں۔