حیدرآباد۔/25 مئی، ( سیاست نیوز) راجیہ سبھا کی 2 نشستوں کیلئے ٹی آر ایس امیدوار کے طور پر منیجنگ ڈائرکٹر ’ نمستے تلنگانہ‘ بی دامودر راؤ اور ہتھیرو کمپنی کے صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر بی پارتھا سارتھی ریڈی نے آج اپنے پرچہ جات نامزدگی داخل کئے۔ ریٹرننگ آفیسر کے روبرو اسمبلی کے احاطہ میں ریاستی وزراء کی موجودگی میں پرچہ جات نامزدگی داخل کئے گئے۔ اس موقع پر ریاستی وزراء ٹی ہریش راؤ، وی پرشانت ریڈی، پی سبیتا اندرا ریڈی، ٹی سرینواس یادو، جی کملاکر، ملا ریڈی کے علاوہ ارکان پارلیمنٹ اور ارکان مقننہ موجود تھے۔ الیکشن کمیشن نے 2 نشستوں کیلئے اعلامیہ جاری کیا ہے۔ کیپٹن لکشمی کانت راؤ اور ڈی سرینواس کی میعاد کی تکمیل کے سبب دو نشستیں خالی ہورہی ہیں۔ دوسری طرف راجیہ سبھا کی ضمنی چناؤ کی نشست پر ٹی آر ایس امیدوار وی روی چندرا بلامقابلہ منتخب قرار پائے۔ دونوں نشستوں کیلئے پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کی آخری تاریخ 31 مئی ہے جبکہ یکم جون کو پرچہ جات کی جانچ ہوگی اور 3 جون تک نامزدگی واپس لی جاسکتی ہے۔ ضرورت پڑنے پر رائے دہی 10 جون کو ہوگی۔اسمبلی میں عددی طاقت کے اعتبار سے کسی بھی جماعت کو راجیہ سبھا کیلئے مقابلہ کرنے کی گنجائش نہیں ہے لہذا ٹی آر ایس کے دونوں امیدواروں کے بلامقابلہ انتخاب کا 3 جون کو اعلان کردیا جائے گا۔ر