ممبئی، 13 اگست (آئی اے این ایس) بالی ووڈ اداکارہ راشی کھنہ ایک بار پھر اسکرین پر آربی آئی افسر میگھا ویاس کے کردار میں نظر آنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے اپنی مقبول ویب سیریز ’فرزی 2‘ کی شوٹنگ شروع کردی ہے۔ راشی کھنہ نے جمعرات کو اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شوٹنگ کے سیٹ سے چند تصاویر شیئرکیں۔ پہلی تصویر میں وہ وینیٹی وین سے باہر جھانکتی ہوئی نظر آئیں، جبکہ ان کے ہاتھ میں گرم موکا گرینڈ کافی کا کپ بھی دکھائی دیا۔ ایک اور تصویر میں راشی کھنہ کیمرے کے سامنے مسکراتی نظر آئیں، جہاں میک اپ آرٹسٹ ان کا میک اپ کر رہا تھا۔ تصاویر میں ایک تصویر ایسی بھی تھی جس میں وہ 500 روپے کا نوٹ ہاتھ میں تھامے ہوئے نظر آئیں، جو سیریز کی کہانی کے موضوع سے مطابقت رکھتا ہے۔ تصاویر شیئرکرتے ہوئے راشی کھنہ نے لکھا، بادام کے دودھ کے ساتھ کرنچی ریڈ ہیٹ موکا گرینڈ، کس کے لیے؟ دوبارہ کام پر فرزی 2۔ فرزی کے مرکزی اداکار شاہد کپور نے بھی رواں سال مارچ میں دوسرے سیزن کی شوٹنگ شروع کردی تھی۔ انہوں نے انسٹاگرام پر سیریزکے تخلیق کاروں راج نِدیمورو اور کرشنا ڈی کے ساتھ ایک سیاہ و سفید تصویر شیئرکرتے ہوئے لکھا تھا، فرزی 2، پہلا دن، دوبارہ کام پر۔