ندیم جاوید نے قیادت کی ، کانگریس خوفزدہ نہیں ہوگی: ریونت ریڈی
حیدرآباد۔23۔مارچ (سیاست نیوز) کانگریس کے قائد راہول گاندھی کو سورت کی مقامی عدالت کی جانب سے دو سال قید کی سزا کے خلاف کانگریس پارٹی نے آج احتجاج منظم کیا ۔ گاندھی بھون کے احاطہ میں پارٹی قائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد نے دو گھنٹے تک خاموش احتجاج کیا اور عدالت کے فیصلہ پر ناراضگی جتائی ۔ سکریٹری اے آئی سی سی ندیم جاوید کی قیادت میں احتجاج منظم کیا گیا جس میں پارٹی کارکن پلے کارڈس تھامے ہوئے تھے جس پر راہول گاندھی کی تائید میں نعرے درج تھے ۔ صدرپردیش کانگریس ریونت ریڈی ایس آئی ٹی کے روبرو پیشی کے باعث احتجاج میں شریک نہیں ہوئے۔ ندیم جاوید کے علاوہ سابق صدور پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ ، پونالہ لکشمیا ، ورکنگ پریسیڈنٹ انجن کمار یادو ، مہیش کمار گوڑ، ملو روی ، جی نرنجن ، کرن کمار ریڈی ، ونود ریڈی ، روہن ریڈی ، صدر حیدرآباد ضلع کانگریس سمیر ولی اللہ ، مہیلا کانگریس کی صدر سنیتا راؤ کے علاوہ یوتھ کانگریس، این ایس یو آئی اور دیگر محاذی تنظیموں کے قائدین نے شرکت کی۔ 2019 ء لوک سبھا انتخابات کے موقع پر راہول گاندھی نے ملک کو معاشی طور پر نقصان پہنچانے والے صنعت کاروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ تمام کے نام میں لفظ مودی مشترک ہے۔ راہول گاندھی کے بیان خلاف سورت کی عدالت میں مقدمہ دائر کیا گیا اور آج ضلع جج نے دو سال قید کی سزا سنائی ۔ کانگریس قائدین نے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن جماعتوں کو کمزور کرنے کیلئے مرکزی حکومت سازش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کا بیان وزیراعظم نریندر مودی کو نشانہ بنانے کے مقصد سے نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین کے حوصلوں کو پست کرنے کیلئے عدلیہ کا استعمال کیا جارہا ہے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ہتک و عزت کا مقدمہ درج کرتے ہوئے راہول گاندھی کے خلاف سیاسی انتقامی کارروائی کی گئی۔ کانگریس عدالت کے فیصلہ سے خوفزدہ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر بی جے پی اور تلنگانہ میں بی آر ایس کی جانب سے اقتدار کا بیجا استعمال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کانگریس کی بڑھتی مقبولیت سے بی جے پی خوفزدہ ہے۔ کانگریس پارٹی نے ملک کو آزادی دلائی اور گاندھی خاندان نے ملک کیلئے قربانیاں دی ہیں۔ کانگریس اس معاملہ میں اعلیٰ عدالت سے رجوع ہوگی۔ر