گاندھی بھون میں پی سی سی عاملہ کا اجلاس، ٹی آر ایس، بی جے پی ایک سکہ کے دو رخ، ریونت ریڈی کا الزام
حیدرآباد ۔ 23 اپریل (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی نے کہا کہ راہول گاندھی کے دو روزہ دورہ تلنگانہ کو کامیاب بنانے کیلئے بڑے پیمانے پر تیاریاں کی جارہی ہیں۔ 6 مئی کو ورنگل میں بہت بڑا جلسہ عام منعقد کیا جائے گا۔ 7 مئی کو حیدرآباد میں راہول گاندھی پارٹی قائدین سے ملاقات کریں گے۔ گاندھی بھون میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔ اس موقع پر محمد علی شبیر اور انجن کمار یادو بھی موجود تھے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ آج تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی عاملہ کا توسیعی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں پارٹی کے قائدین نے راہول گاندھی کے پروگرامس کو کامیاب بنانے کیلئے کئی تجاویز پیش کئے ہیں۔ اس کے پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے 25 اپریل کو کریم نگر، 26 اپریل کو کھمم اور 27 اپریل کو نلگنڈہ میں اضلاع کانگریس کمیٹیوں کا ہنگامی اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں پارٹی کے تمام سینئر قائدین شرکت کریں گے۔ ان تینوں ضلعی کے 7 پارلیمانی حلقوں سے زیادہ سے زیادہ جلسہ عام میں عوام کو لایا جائے گا۔ اے آئی سی سی ترجمان ڈی شراون راہول گاندھی کی تقریر تیار کریں گے۔ یوتھ کانگریس اور این ایس یو آئی کے قائدین پر مشتمل والینٹرس کی ٹیم تیار کرتے ہوئے جلسہ گاہ میں عوام کو تمام بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے انتظامات کئے جائیں گے۔ 7 مئی کو راہول گاندھی کا عثمانیہ یونیورسٹی دورہ کرانے کی کوشش کی جائے گی۔ وائس چانسلر کو ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے سرکاری طور پر پروگرام بنانے کی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ ریونت ریڈی نے ٹی آر ایس اور بی جے پی کو ایک سکے کے دو رخ قرار دیا اور کہا کہ دونوں پارٹیوں کے قائدین ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ڈرامہ بازی کررہے ہیں اور مسائل سے عوامی توجہ ہٹانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے مطابق تلنگانہ میں کسانوں کوا پنی تیار کردہ کاشت پر اقل ترین قیمت وصول نہ ہونے پر 8 ہزار کسان خودکشی کرچکے ہیں۔ دہلی میں مرنے والے کسانوںکو ایکس گریشیاء تلنگانہ حکومت ادا کررہی ہے مگر تلنگانہ میں مرنے والے کسانوں کو نظرانداز کیا جارہا ہے۔ن