رجب طیب اردغان ترکیہ کے دوبارہ صدر منتخب

,

   

استنبول: ترکیہ کے صدارتی انتخاب کے حتمی مرحلے میں صدر رجب طیب اردغان نے شاندارکامیابی حاصل کرلی اور وہ اگلے 5 سال کیلئے دوبارہ صدر منتخب ہوگئے۔آج ترکیہ میں صدارتی انتخابات کے حتمی مرحلے میں پولنگ کا سلسلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے سے 5 بجے تک جاری رہا۔پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جارہا اور اب تک 98.06 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہوچکی ہے۔ جس کے نتائج کے مطابق صدر اردغان 52.12 فیصد ووٹ لیکر آگے ہیں جبکہ اپوزیشن امیدوار کمال قلیچ دار اوغلو 47.88 فیصد ووٹ ہی حاصل کرسکے۔اب تک کے نتائج کے مطابق صدر اردغان نے 2 کروڑ 68 لاکھ37 ہزار 84 ووٹ لیے ہیں جبکہ اپوزیشن امیدوار کمال قلیچ دار اوغلو 2 کروڑ 46 لاکھ 54 ہزار 839 ووٹ لیے ہیں۔صدارتی انتخاب میں ٹرن آؤٹ 85 فیصد سے زائد رہا۔ اس کے علاوہ اوورسیز ووٹوں کی گنتی کا سلسلہ بھی جاری رہا۔دوسرے مرحلے میں زیادہ ووٹ لینے والا امیدوار کامیاب قرار پاتا ہے۔خیال رہے کہ ترکیہ میں 14 مئی کو ہوئے صدارتی انتخاب میں ووٹر ٹرن آؤٹ 90 فیصد رہا تاہم کسی بھی امیدوار کے 50 فیصد ووٹ حاصل نہ کرنے کے باعث صدر کا فیصلہ نہ ہو سکا تھا۔پہلے مرحلے میں رجب طیب اردوان کو اپنے مخالف امیدوار پر 5 پوائنٹس کی برتری حاصل ہو گئی تھی تاہم وہ 50 فیصد ووٹ حاصل نہ کرپائے، وہ پہلے مرحلے میں 49.52 فیصد ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔ان کے مقابل اپوزیشن امیدوار کمال قلیچ دار اوغلو 44.89 فیصد ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے اور سنان اوغنان 5.17 فیصد ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے تھے جب کہ پارلیمانی انتخابات میں رجب طیب اردغان کے اتحادی بلاک نے واضح اکثریت حاصل کر لی تھی۔