رسول پورہ میں ایک شخص پر حملہ ، حملہ آور گرفتار

حیدرآباد ۔ /17 جنوری (سیاست نیوز) بیگم پیٹ کے علاقہ رسول پورہ میں جمعرات کی صبح کی اولین ساعتوں میں ایک شخص نے آٹو ڈرائیور پر چاقو سے حملہ کرکے زخمی کردیا ۔ انسپکٹر بیگم پیٹ مسٹر ای بچیا کے بموجب 40 سالہ محمد عتیق ساکن اندرا نگر رسول پورہ پیشہ سے آٹو ڈرائیور ہے اور اس نے 3 سال قبل اپنی بیوی سے علحدگی اختیار کرلی تھی ۔ اس مطلقہ خاتون نے وہاں کے ایک مقامی شخص سلیم سے 7 ماہ قبل شادی کی لیکن اس سے بھی جھگڑے کے بعد اپنے مکان واپس لوٹ آئی تھی ۔ خاتون گھریلو ملازمہ ہے اور وہ ایک الگ مکان میں مقیم تھی ۔ سلیم نے کل رات دیر گئے خاتون کی تلاش میں عتیق کے پاس پہونچا اور اس سے خاتون کے بارے میں دریافت کیا ۔ لیکن جب عتیق نے خاتون کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کرنے پر سلیم نے اس پر چاقو سے حملہ کرکے زخمی کردیا ۔ عتیق مدد کیلئے اپنے رشتہ داروں کے مکان پہونچا جہاں پر پولیس کنٹرول روم کو اطلاع دی گئی اور بیگم پیٹ پولیس کی ایک ٹیم موقعہ واردات پر پہونچ کر زخمی کو گاندھی ہاسپٹل علاج کیلئے منتقل کیا ۔ انسپکٹر بیگم پیٹ بچیا نے بتایا کہ زخمی کی حالت مستحکم ہے اور سلیم کو حراست میں لے لیا گیا اور اس کے خلاف اقدام قتل کا ایک مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT