سیاست اور ملت فنڈ سے رشتوں کا دو بہ دو پروگرام، والدین و سرپرستوں کی شرکت، مختلف شخصیتوں کا خطاب
حیدرآباد ۔ یکم جون (سیاست نیوز) سیاست اور ملت فنڈ کے زیراہتمام اتوار یکم جون کو ریڈ روز پیالس نامپلی میں والدین و سرپرستوں کے لئے 141 واں دو بہ دو ملاقات پروگرام منعقد ہوا جس میں والدین اور سرپرستوں کی بڑی تعداد شریک رہی۔ پروگرام کا آغاز قاری الیاس باشاہ کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ جناب صالح بن عبداللہ باحازق نے خیرمقدم کیا اور کہاکہ اس شہر میں عرصہ دراز سے یہ پروگرام منعقد ہورہا ہے جس کی سرپرستی جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست کررہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ اب تک اس پروگرام سے کئی والدین نے اپنے لڑکوں اور لڑکیوں کو رشتہ ازدواج سے منسلک کیا۔ ڈاکٹر ناظم علی نے کہاکہ شادی جوکہ اسلام میں آسان و سادگی سے انجام دیئے جانے والی ہے اُس کو موجودہ زمانہ میں نت نئے خرافات پیدا کرتے ہوئے ایک کٹھن، سنگین اور گمبھیر مسئلہ بنادیا ہے۔ سیاست نے اب تک جتنے بھی دو بہ دو پروگرام کئے ہیں اُس میں والدین پر زور دیا کہ وہ قرآن اور سنت کو اپنے ہاتھ سے جانے نہ دیں۔ اگر اس کے عین مطابق زندگی کا اُصول چلے گا تو وہ دنیا اور آخرت میں کامیاب و کامران ہوں گے۔ جناب الیاس باشاہ نے کہاکہ شادی کے معاملات میں قرآن اور سنت نبوی کو سامنے رکھا جائے اس لئے اسی کے مطابق زندگی گزارنے میں کامیابی مضمر ہے۔ جناب شاہد حسین نے کہاکہ اکثر والدین کی یہ آرزو ہوتی ہے کہ جو لڑکی گھر لائی جائے وہ بہت خوبصورت ہو، مگر اُن کی نگاہ سیرت پر نہیں رہتی جس کی وجہ سے کئی ایک مسائل سے خاندانوں کو گزرنا پڑرہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ رشتہ کے انتخاب میں جہاں لڑکے کی صلاحیت، قابلیت، تعلیم، روزگار، اخلاق کو دیکھنا ہوگا وہیں لڑکی کا حسن و خلق، معاملہ فہمی، اُمور خانہ داری سے واقفیت کے ساتھ خاندان کو دیکھا جانا چاہئے۔ اس پروگرام میں جناب اصغر علی خان اور فخر علی خان نے شرکت کرتے ہوئے مختلف اُمور کا جائزہ لیا اور والدین و سرپرستوں سے بات چیت بھی کی۔ والدین نے انھیں پروگرام کی کامیابی پر مبارکباد دی۔ پروگرام میں والدین نے لڑکے اور لڑکی کے کاؤنٹرس پر علیحدہ علیحدہ رجسٹریشن کروائے جس کے لئے 1000/- روپئے رجسٹریشن فیس مقرر کی گئی جس کی ایک سال تک میعاد رہے گی۔ پروگرام میں بھی تعلیمی قابلیت کے لحاظ سے گریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ یعنی بی کام، بی اے، بی ایس سی، ایم اے، ایم ایس سی، ایم کام کے علاوہ ایم بی بی ایس، ایم ڈی، بی فارمیسی، ڈی فارمیسی، ٹکنیشن، ڈپلوما ہولڈرس، عقدثانی اور تاخیر سے شادی کے لئے علیحدہ علیحدہ کاؤنٹرس قائم کئے گئے تھے۔ اس کے علاوہ کمپیوٹر سیکشن میں کئی لڑکوں کے فوٹوز اور بائیو ڈاٹاس سے جنہوں نے آن لائن رجسٹریشن کروایا اُنہیں فوٹو اور بائیو ڈاٹا دکھانے کا نظم موجود تھا۔ دوپہر کے بعد والدین اور سرپرستوں کا بے پناہ ہجوم دیکھا گیا جس میں اضلاع سے آئے ہوئے والدین کی بڑی تعداد دیکھی گئی۔ عقدثانی اور تاخیر سے شادی کرنے والے کاؤنٹرس پر والدین کا ہجوم دیکھا گیا۔ اس دو بہ دو پروگرام میں ایسے والدین بھی زیادہ تر دکھائی دیئے جو اپنے لڑکوں کی شادی اور رشتہ کے لئے مضطرب ہیں۔ انجینئرنگ کاؤنٹر پر ملک اور بیرون ممالک میں برسر روزگار لڑکوں کے بائیو ڈاٹا جو بڑی کمپنیوں میں ملازمت کررہے ہیں اور جن کی تنخواہیں بھی اچھی خاصی ہے اُن لڑکوں کے نام مائیک پر اعلان کرتے ہوئے پروجیکٹر کی مدد سے فوٹوز بتائے گئے۔ سیاست اور ملت فنڈ کے تعاون و اشتراک سے چلنے والے پروگرام کو اندرون ملک یعنی تلنگانہ، آندھراپردیش، پڑوسی ریاستوں کے علاوہ یو ٹیوب، فیس بک، سیاست ٹی وی کے ذریعہ دکھایا گیا۔