رضوی ایشین گیمز کے لیے منتخب

   

نئی دہلی، 9 ستمبر (آئی اے این ایس) آٹھ سال قبل صرف ایک پوائنٹ کی کمی کے باعث ایشین گیمز میں شرکت سے محروم رہنے والے ٹریپ شوٹر احوار رضوی بالآخر ہندوستانی ٹیم میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ 26 سالہ احوار رضوی جاپان کے شہر ایچی ناگویا میں منعقد ہونے والے ایشین گیمزکے مردوں کے ٹریپ ایونٹ میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گے۔احوار رضوی کو اپنے انتخاب کی خبر قازقستان میں ملی، جہاں آٹھ سالہ مایوسی کا خاتمہ اپنے کوچ وکرم سنگھ چوپڑا کے ساتھ جذباتی لمحات میں بدل گیا۔2018ء میں دل ٹوٹنے اور بعد میں ڈبل ٹریپ ایونٹ کے عالمی ایونٹ سے خاتمے کے بعد، یہ انتخاب ان کے لیے بے حد اہم ہے۔ احوار رضوی نے ماضی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے بتایا قازقستان میں جب میں نے اپنا راؤنڈ ختم کیا تو میرے کوچ وکرم سنگھ چوپڑا نے پاس آکر مجھے بتایا کہ میں ایشین گیمزکے لیے منتخب ہو چکا ہوں۔ مجھے اپنے کانوں پر یقین نہیں آ رہا تھا، میرا جسم بالکل سْن ہو گیا اور میں زار و قطار روتے ہوئے ان سے لپٹ گیا۔ ایشین گیمز چار سال میں ایک بار آتے ہیں اور اس عالمی اسٹیج پر ملک کی نمائندگی کرنا میرا دیرینہ خواب تھا۔ میں نے سب سے پہلے اپنے والدین اور بڑے بھائی کو فون کر کے یہ خوشخبری دی۔کامیابی کے لئے پرعزم ہوں۔