روسی اسلام پسند محمد علی پر جرمنی میں بم اندازی کے منصوبہ کا الزام

   

برلن ۔5مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) جرمن پراسیکیوٹرس نے باقاعدہ طور پر ایک روسی اسلام پسند اور برلن کرسمس مارکٹ کے حملہ آور انیس عامری کے شناسا پر دھماکو حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کا الزام عائد کیا ہے ۔ پراسیکیوٹر نے آج کہا کہ مشتبہ ملزم 31سالہ محمد علی نے تیونس کے عامری کے ساتھ حملہ کا منصوبہ تیار کیا ۔ عامری نے 2016ء میں ٹرک کے ذریعہ مارکٹ میں غارتگری مچائی اور 12افراد کو ہلاک کیا ۔محمد علی کا تعلق روسی جمہوریہ داغستان سے ہے ۔ روسی شہری کو اگست 2018ء میں گرفتار کیا گیا اور اس سال 25فبروری کو اس پر باقاعدہ الزام عائد کیا گیا کہ اُس نے تخریبی تشدد کے سنگین حملہ کی تیاری کی تھی ۔ اُس نے فرانس کی جیل میں بند ایک دیگر شخص کے ساتھ مشترکہ منصوبہ بنایا تھا ۔ اُن کا مقصد تھا کہ جرمنی میں اسلامی حملہ کرتے ہوئے کافی جانی و مالی نقصان پہنچایا جائے ۔