لندن :برطانیہ کی حکومت نے کہا ہے کہ یوکرین میں زیادہ تر مورچوں پر روسی افواج کے حملے ناکام ہورہے ہیں اور زبردست نقصان ہو رہا ہے ۔بورس جانسن حکومت کی سیکورٹی وزارت نے جمعرات کو اس حوالے سے کئی ٹویٹس کیں۔ انہوں نے بتایاکہ “روسی فضائیہ، فوج اور بحریہ نے حالیہ دنوں میں معمولی کامیابیاں حاصل کی ہیں لیکن انہیں مسلسل بھاری نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے ۔”انہوں نے کہا کہ آج جنگ کے 22ویں روز یوکرین کا بڑا علاقہ محفوظ ہے اور کئی شہروں پر اس کی گرفت مضبوط ہے ۔ یوکرین جنگ کو مربوط انداز میں لڑ رہا ہے اور وہ کسی بھی قیمت پر ملک کو بچانے کے لیے ثابت قدم ہے ۔وزارت دفاع نے بدھ کو کہا کہ روسی افواج نے اپنے اہداف تک پہنچنے میں تاخیر کی وجہ سے پہلے کی منصوبہ بندی سے زیادہ فضائی حملے کیے ہیں۔وزارت نے بتایا کہ “ہدف تک پہنچنے میں تاخیر اور یوکرین میں فضائی حملوں کی ناکامی سے پریشان روسی فوج نے مزید تباہ کن فضائی حملے شروع کرنے کے لیے اپنا شیڈول تبدیل کر دیا ہے ۔’’وزارت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ روس پرانے ہتھیار استعمال کر رہا ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ “روس پرانے ، کم درست ہتھیاروں کا استعمال کر رہا ہے ، جو عسکری طور پر کم موثر ہیں۔ اس کی وجہ سے عام لوگوں کے جانی نقصان کا امکان بہت زیادہ ہے ۔”اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق 24 فروری سے شروع ہونے والی روس یوکرائن جنگ میں 1900 سے زائد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں 726 عام شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔دریں اثنا، برطانیہ نے کہا کہ جو ہلاکتیں بتائی گئی ہیں وہ تعداد سے کہیں زیادہ ہوں گی اور جنگ جاری رہنے کے ساتھ ساتھ بڑھتی رہیں گی۔