روڈی شیٹرس کو غیرسماجی سرگرمیوں سے دور رہنے کا مشورہ

   

حبیب نگر میں روڈی شیٹرس کے حملہ کے بعد پولیس کے سخت اقدامات

حیدرآباد ۔ 10 ۔ فروری ( سیاست نیوز ) حبیب نگر حدود میں روڈی شیٹرس کے درمیان جھگڑے کے بعد پولیس نے سخت اقدامات کا آغاز کردیا ہے ۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز مئے نوشی کے بعد اکبر نامی روڈی شیٹر کے مکان میں گُھس کر تین روڈی شیٹرس نے حملہ کردیا تھا ۔ سخت نشہ کی حالت میں یہ غیرسماجی عناصر غلط ارادے سے اکبر کے مکان میں داخل ہوئے تھے اور اکبر کی والدہ پر حملہ کرتے ہوئے انہیں زخمی کردیا ۔ اس واقعہ کی اطلاع کے بعد ساوتھ ویسٹ زون کے ایڈیشنل ڈی سی پی اشفاق نے حبیب نگر کا دورہ کیا اور تین روڈی شیٹرس سمیر، عمران اور احمد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کی گئی ۔ جناب اشفاق نے حبیب نگر کے سرگرم روڈی شیٹرس کو پولیس اسٹیشن طلب کرتے ہوئے انہیں سخت گیر نتائج کا انتباہ دیا اور کہا کہ پولیس کی جانب سے روڈی شیٹر کو سدھر نے کا موقع فراہم کیا جارہا ہے لیکن پولیس کسی بھی قسم کی غیر سماجی سرگرمیوں اور شہریوں کو پریشان کرنے اور امن کو خراب کرنے کی حرکت کو برداشت نہیں کرے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ تینوں روڈی شیٹرس کے خلاف کارروائی کی گئی ہے ۔ انہوں نے روڈی شیٹرس کو گانجہ اور نشیلی ادویات کے استعمال اور سپلائی کے خلاف سخت گیر کارروائی کا انتباہ دیا اور افراد خاندان سے درخواست کی کہ وہ روڈی شیٹرس کی حرکتوں کو بڑھاوا دینے کے اقدامات نہ کریں۔ اور انہیں سدھر نے کا موقع فراہم کریں ۔ انہوں نے روڈی شیٹرس کو ٹولیوں کے نگران کار روڈی شیٹرس کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے ساتھی روڈی شیٹرس کو غیر سماجی حرکتوں سے باز رکھیں بصورت دیگر کسی بھی قسم کی غلطی پر انہیں بھی برابر کا قصوروار مانا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ کمشنر پولیس حیدرآباد کی خصوصی ہدایت پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس آصف نگر راجہ وینکٹ ریڈی بھی موجود تھے ۔ اور روڈی شیٹرس میں لطیف ، اکبر ، قیصر عرف چور قیصر ، یوسف عرف جنگلی یوسف و دیگر موجود تھے ۔ (ع)