روڈ سیفٹی سے متعلق ایک ماہ طویل شعور بیداری مہم کا آج سے آغاز: پونم پربھاکر

   

طلبہ میں ٹریفک قواعد سے آگہی مہم، ٹریفک حادثات کو روکنا حکومت کی ترجیح
حیدرآباد۔/31 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے عہدیداروں سے کہا کہ یکم جنوری تا 31 جنوری قومی روڈ سیفٹی ماہ کو کامیاب بنائیں اور حادثات کی روک تھام کیلئے عوام میں شعور بیداری کی مہم چلائی جائے۔ وزیر ٹرنسپورٹ نے عہدیداروں کے ساتھ زوم کانفرنس کا اہتمام کیا جس میں ہدایت دی کہ ایک ماہ طویل شعور بیداری مہم کے تحت ورکشاپ، سمینار منعقد کئے جائیں۔ ڈرائیورس اور اسکولی طلبہ میں ٹریفک قواعد سے واقفیت کی مہم چلائی جائے۔ انہوں نے آنکھوں کے معائنہ کیمپ منعقد کرنے کی ہدایت دی۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ روڈ سیفٹی مہم میں پولیس ، محکمہ تعلیم اور دیگر سرکاری محکمہ جات کا تعاون حاصل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے ملازمین کو اپنے یونیفارم پر نیا لوگو چسپاں کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ماہ کم از کم چار اسکولوں میں ٹرانسپورٹ حکام کو ٹریفک قواعد کے بارے میں شعور بیداری مہم چلانی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی میں زیر التواء کاموں کی جلد تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے آر ٹی سی اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے بارے میں جو فیصلے کئے ہیں ان پر عمل ہونا چاہیئے۔ اسپیشل چیف سکریٹری وکاس راج اور دیگر عہدیدار زوم اجلاس میں شریک تھے۔ ریاست میں موجود 97 آر ٹی سی ڈپوز اور 62 ٹرانسپورٹ دفاتر میں شعور بیداری مہم کا اہتمام کیا جائے گا۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ مہم میں مقامی عوامی نمائندوں کو شامل کیا جائے۔ پونم پربھاکر کا کہنا تھا کہ طلبہ اور نوجوانوں میں ٹریفک قواعد سے متعلق شعور بیداری کے ذریعہ حادثات پر بڑی حد تک قابو پایا جاسکتا ہے۔ ملک میں بڑھتے ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے قومی سطح پر ایک ماہ کی مہم شروع کی جارہی ہے۔ پربھاکر نے کہا کہ ہیوی وہیکلس کے ڈرائیورس کو ٹریفک قواعد سے واقف کرایا جائے جو حادثات کی روک تھام میں معاون ثابت ہوگا۔1