نئی دہلی ۔ نیوزی لینڈ کے سابق آل راؤنڈر اسکاٹ اسٹائرس نے ہندوستان کے خلاف رواں ہفتہ کھیلے جانے والے ورلڈ ٹسٹ چمپین شپ کے فائنل کے ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستانی اوپنر روہت شرما نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولروں کے خلاف جدوجہد کرتے دکھائی دیں گے۔ ساؤتھمپٹن میں 18 جون کو شروع ہونے والے فائنل کے متعلق اسٹائرس نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم اس مقابلہ میں انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز کی کامیابی کے ساتھ شرکت کرے گی اور اس کے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہوں گے۔ دوسری جانب ہندوستان کو فائنل سے قبل زیادہ ٹسٹ کرکٹ کھیلنے کا موقع نہیں ملا ہے۔ دریں اثناء فائنل کے لئے وکٹ تیار کرنے والے کوریٹر سمن لی کا مقصد ہے کہ وہ وکٹ پر رفتار اور اُچھال لئے سازگار حالات بنائیں گے اور آخری دنوں میں وکٹ پر اسپنرس کے لئے سازگار ہوگی۔