ملبورن: ہندوستان کے کپتان روہت شرما جاریہ بارڈر۔گواسکر ٹرافی میں رنز بنانے کا طریقہ جاننے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں، ہندوستان کے سابق کوچ روی شاستری کا کہنا ہے کہ اسٹائلش بلے باز کو واضح ذہنیت کے ساتھ میدان پر جانا چاہئے اور اپنی حکمت عملی کو بھی تبدیل کرتے ہوئے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرنا چاہئے۔ روہت اپنے دوسرے بچے کی پیدائش کے وقت اپنے خاندان کے ساتھ رہے اور آسٹریلیا میں اپنا پہلا ٹسٹ میچ نہیں کھیل سکے تھے۔ ان کے اوپننگ بلے باز کے طور پر سامنے آنے کی امید تھی لیکن پرتھ میں ہندوستان کی جیت میں لوکیش راہول کی 77 رنز کی شاندار اننگز کے بعد بیٹنگ آرڈر تبدیل کردیا گیا اور روہت چھٹے نمبر پر ڈراپ ہوگئے۔ تاہم یہ تبدیلی روہت کیلئے فائدہ مند نہیں ہوئی کیونکہ وہ گزشتہ تین اننگز میں صرف 10، 3 اور 6 رنز بنا سکے ہیں جبکہ راہول نے تیسرے ٹسٹ میں برسبین میں پہلی اننگز میں 84 رنز بنا کر موقع کا فائدہ اٹھایا۔ شاستری نے کہا کہ روہت اب بھی نمبر 6 پر خطرناک بیاٹر ثابت ہوسکتا ہے، جس کیلئے اسے اپنا انداز تھوڑا تبدیل کرنا ہوگا۔