محکمہ آبپاشی کی نوٹس، اندرون 15 یوم جواب دینے کی ہدایت
حیدرآباد۔28۔اگسٹ(سیاست نیوز) ریاستی محکمہ آبپاشی نے رکن اسمبلی ایم راج شیکھر ریڈی کے تعلیمی اداروں کو نوٹس جاری کی ہے اور انہیں اندرون 15یوم جواب دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ان اداروں کے طلبہ کو دیگر مقامات پر منتقل کرنے کی تاکید بھی کی گئی ہے تاکہ تالاب میں کی گئی تعمیرات کو منہدم کیا جاسکے۔ نوٹس میں کہاگیا ہے کہ جملہ 8ایکڑ 24گنٹے تالاب پر ایم ایل آر آئی ٹی کے تعمیری ادارہ جات نے عمارتیں تعمیر کی ہیں جنہیں منہدم کیا جانا ہے۔ دنڈیگل تحصیلدار کی جانب سے جاری کی گئی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سروے نمبر 489‘484‘485‘488‘ 489 اور 492 میں موجود غیر مجاز و غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ اگر طلبہ کو متبادل مقام پر منتقل نہیں کیا گیا تو ایسی صورت میں ’حیڈرا‘ 15 یوم بعد کسی بھی وقت کاروائی کرسکتا ہے۔ محکمہ آبپاشی نے رکن اسمبلی پی راجیشور ریڈی کے تعلیمی اداروں کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں عمارتوں کا تخلیہ کرنے اور طلبہ کیلئے متبادل انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے تاکہ ان کی تالابوں میں کی گئی تعمیرات کو منہدم کیا جاسکے۔ محکمہ آبپاشی کی نوٹسوں کے نتیجہ میں تالاب یا ایف ٹی ایل میں تعمیر کئے گئے تعلیمی اداروں کے ذمہ داروں میں خوف و ہراس کا ماحول ہے ۔ ’حیڈرا‘ کے عہدیداروں پر دباؤ کی کوششیں ناکام ہونے کے بعد تالابوں پر قابض اور تعمیرات میں ملوث افراد عدالت سے رجوع ہونے پر غور کر رہے ہیں جبکہ عدالت نے ایف ٹی ایل ‘ تالاب اور کنٹوں میں کی جانے والی تعمیرات کے سلسلہ میں واضح موقف اختیار کرتے ہوئے یہ ہدایت جاری کی ہے کہ ان قبضہ جات کو برخواست کرنے کے معاملہ میں قوانین سے تجاوز نہ کیا جائے بلکہ قوانین کے دائرہ میں رہتے ہوئے ان قبضہ جات کو برخواست کیا جائے۔3