رکن اسمبلی قطب اللہ پور کے خلاف ولیج ریونیو آفیسر کی شکایت

   

حیدرآباد: حکومت کی جانب سے ریونیو ڈپارٹمنٹ کو کرپشن سے پاک کرنے کیلئے اصلاحات نافذ کئے گئے لیکن ریونیو عہدیداروں پر سیاسی قائدین کے دباؤ کے واقعات میں کوئی کمی نہیں آئی ۔ قطب اللہ پور منڈل کے ولیج ریونیو آفیسر (وی آر او) نے متعلقہ رکن اسمبلی کے پی ویویکانند کے حلاف پولیس میں شکایت درج کی ہے۔ وی آر او جی شیام کمار نے شکایت کی کہ رکن اسمبلی نے انہیں ان کی ذات کا نام لے کر برا بھلا کہا ہے ۔ 3 ستمبر کو وی آر او اپنے فیلڈ اسٹاف اور پولیس کے ہمراہ غیر قانونی طور پر تعمیر کردہ پانچ کمروں اور بعض جھونٖپڑیوں کو منہدم کیا تھا۔ سرکاری اراضی پر یہ تعمیرات کی گئی تھیں۔ رکن اسمبلی قطب اللہ پور ویویکانند نے مبینہ طور پر وی آر او کو برا بھلا کہا۔ وی آر او کا تعلق دلت طبقہ سے ہے اور رکن اسمبلی نے فون پر ذات کا نام لے کر دھمکی دی۔ وی آر او نے پولیس میں تحریری شکایت درج کرائی ۔ بتایا جاتا ہے کہ بعض گوشوں کی جانب سے مصالحت کی کوششیں جاری ہیں تاکہ رکن اسمبلی کے خلاف ایف آئی آر درج نہ ہو۔