رکن پارلیمنٹ وینکٹ ریڈی نے ہائی کمان کو جواب روانہ کردیا

   


فرضی آڈیو ٹیپ کی شکایت، پارٹی میں سینیاریٹی نظر انداز کرنے کا الزام
حیدرآباد ۔4 ۔ نومبر (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن پارلیمنٹ بھونگیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی جانب سے دی گئی وجہ نمائی نوٹس کا جواب داخل کردیا ہے۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی جو منوگوڑ کی انتخابی مہم کے دوران اچانک آسٹریلیا روانہ ہوگئے تھے، واپسی پر بتایا کہ وہ یکم نومبر کو مہربند لفافہ میں اپنا جواب آل انڈیا کانگریس کی تادیبی کارروائی کمیٹی کو روانہ کرچکے ہیں۔ منوگوڑ کی انتخابی مہم میں حصہ نہ لینے اور اپنے بھائی بی جے پی امیدوار راج گوپال ریڈی کو ووٹ دینے کیلئے کانگریس قائدین کو ٹیلی فون کرنے کے الزامات کے تحت وینکٹ ریڈی کو 22 اکتوبر کو نوٹس جاری کی گئی تھی اور جواب دینے کیلئے 10 دن کی مہلت دی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ وینکٹ ریڈی نے اپنے جواب میں سوشیل میڈیا میں وائرل ہونے والے آڈیو ٹیپ کو فرضی قرار دیا اور کہا کہ ان کی آواز نہیں ہے، کسی نے ان کی آواز میں بات کرتے ہوئے ان کے امیج کو متاثر کرنے کی کوشش کی ہے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ وہ این ایس یو آئی سے کانگریس سے وابستہ ہیں اور ان کی وابستگی کو 35 سال مکمل ہوچکے ہیں۔ انہوں نے شکایت کی کہ پارٹی میں ان کی سینیاریٹی کو صحیح مقام نہیں دیا جارہا ہے ۔ واضح رہے کہ وجہ نمائی نوٹس کا جواب نہ ملنے پر پارٹی نے وینکٹ ریڈی کو دوسری نوٹس جاری کی جس کے بعد وینکٹ ریڈی نے جواب داخل کرنے کا انکشاف کیا۔ وینکٹ ریڈی پردیش کانگریس کی صدارت کے اہم دعویدار تھے اور ریونت ریڈی کو صدر مقرر کئے جانے کے بعد سے وہ ناراض تھے۔ دیکھنا یہ ہے کہ کانگریس اعلیٰ کمان وینکٹ ریڈی کے جواب پر کس حد تک مطمئن ہوگا۔ر