رکن پارلیمنٹ وینکٹ ریڈی کے سیاسی مستقبل کا عنقریب فیصلہ

   


وجہ نمائی نوٹس کا جواب ہائی کمان کو نہیں ملا، بھائی کے خلاف مہم کے بجائے آسٹریلیا کے دورہ پر ہائی کمان برہم
حیدرآباد ۔3 ۔ نومبر (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے کانگریس میں مستقبل کا فیصلہ منوگوڑ کے ضمنی چناؤ کے بعد ہوسکتا ہے۔ وینکٹ ریڈی نے منوگوڑ میں اپنے بھائی راج گوپال ریڈی کے خلاف انتخابی مہم میں حصہ لینے سے بچنے کیلئے اچانک آسٹریلیا روانہ ہوگئے تھے ۔ پارٹی احکامات کی خلاف ورزی پر انہیں وجہ نمائی نوٹس دی گئی ہے۔ وینکٹ ریڈی نے تاحال وجہ نمائی نوٹس کا جواب نہیں دیا اور پارٹی ذرائع کے مطابق ہائی کمان وینکٹ ریڈی کے خلاف تادیبی کارروائی کی تیاری کرچکا ہے ۔ وینکٹ ریڈی آسٹریلیا کے دورہ سے حیدرآباد واپس ہوگئے لیکن وہ پارٹی قائدین سے ربط میں نہیں ہیں اور نہ ہی انہوں نے منوگوڑ کی آخری مرحلہ کی انتخابی مہم میں حصہ لیا ۔ بعض قائدین کا کہنا ہے کہ وینکٹ ریڈی نے سونیا گاندھی ، پرینکا گاندھی اور اے آئی سی سی تادیبی کارروائی کمیٹی کے سکریٹری طارق انور کو وضاحتی مکتوب روانہ کیا ہے جبکہ اے آئی سی سی ذرائع کے مطابق وینکٹ ریڈی نے ابھی تک اپنا جواب داخل نہیں کیا۔ وینکٹ ریڈی ابتداء ہی سے ناراض تھے کیونکہ ہائی کمان نے پردیش کانگریس کی صدارت پر ان کی دعویداری مسترد کرتے ہوئے ریونت ریڈی کو نامزد کیا تھا ۔ چھوٹے بھائی راج گوپال ریڈی کی بی جے پی میں شمولیت کے بعد کانگریس نے انہیں انتخابی مہم کا سربراہ مقرر کیا تھا لیکن ایک دن بھی وینکٹ ریڈی نے انتخابی مہم میں حصہ نہیں لیا ۔ برخلاف اس کے انہوں نے کانگریس کے عوامی نمائندوں سے ربط قائم کرتے ہوئے راج گوپال ریڈی کی تائید کی ترغیب دی تھی اور ان کا آڈیو سوشیل میڈیا میں وائرل ہوچکا ہے ۔ بتایا جاتاہے کہ طارق انور بہت جلد نئی دہلی واپس ہوں گے اور وہ وینکٹ ریڈی کے معاملہ پر کمیٹی کا اجلاس طلب کریں گے۔ ایسے کئی قائدین جو کل تک وینکٹ ریڈی کے حامی تھے، ان کا کہنا ہے کہ رکن پارلیمنٹ نے پارٹی ہدایات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تادیبی کارروائی کو دعوت دی ہے۔ ر