حیدرآباد 10 جون (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی آج نئی دہلی روانہ ہوئے۔ اتم کمار ریڈی کا یہ دورہ سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بن چکا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی 2 دن سے نئی دہلی میں مقیم ہیں اور اتم کمار ریڈی کی روانگی سے یہ تاثر مل رہا ہے کہ وہ سیاسی ایجنڈہ کے ساتھ دہلی پہونچے ہیں۔ ہائی کمان سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ملاقات کے بعد اتم کمار ریڈی کی دہلی روانگی سے قریبی حلقوں کا خیال ہے کہ ہائی کمان نے اُنھیں دہلی طلب کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اتم کمار ریڈی نے چیف منسٹر کے حالیہ متنازعہ بیان پر ہائی کمان سے شکایت کی تھی۔ چیف منسٹر نے کہا تھا کہ اُن کی اسکولی تعلیم بی جے پی اور کالج تلگودیشم رہا اور راہول گاندھی کی ملازمت کررہے ہیں۔ اِس بیان سے پارٹی پر منفی اثرات کا اندیشہ ظاہر کرکے اتم کمار ریڈی نے ہائی کمان سے شکایت کی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ اتم کمار ریڈی ریاست کی سیاسی صورتحال اور کابینہ میں عدم شمولیت پر بعض ارکان اسمبلی کی ناراضگی سے ہائی کمان کو واقف کرائیں گے۔ اتم کمار ریڈی 2 مرتبہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر رہ چکے ہیں اور پارٹی پر اُن کی خاصہ گرفت مضبوط ہے لہذا کانگریس ہائی کمان نے اہم اُمور پر ہمیشہ مشاورت کے لئے طلب کیا ہے۔1