ریاستی کابینہ کا آج اہم اجلاس ،مالی موقف پر مباحث متوقع

   

حیدرآباد۔/10 اگسٹ ، ( سیاست نیوز) ریاستی کابینہ کا اجلاس کل 11 اگسٹ کو 3 بجے دن پرگتی بھون میں منعقد ہوگا۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی صدارت میں منعقد ہونے والے اجلاس میں ریاست کی معاشی صورتحال بہتر بنانے کیلئے زائد وسائل اکٹھا کرنے کے مسئلہ پر غور کیا جائے گا۔ اگرچہ کابینہ کے ایجنڈہ میں ریاست کے دیگر امور شامل ہیں تاہم باوثوق ذرائع کے مطابق مرکزی حکومت کے رویہ کے نتیجہ میں ریاست کو درپیش مالی مشکلات پر وسیع تر مباحث کا امکان ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے گزشتہ دنوں نیتی آیوگ کے اجلاس کا بائیکاٹ کیا تھا۔ انہوں نے نیتی آیوگ کی جانب سے تلنگانہ کے حق میں کی گئی سفارشات کو نظرانداز کرنے پر مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ سیلاب کے متاثرین کی امداد و بازآبادکاری کے سلسلہ میں مرکزی ٹیم کے دورہ کے باوجود تلنگانہ کیلئے امداد کا اعلان نہیں کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق غیر بی جے پی ریاستوں کے ساتھ مرکز کے رویہ پر کابینی اجلاس میں غور کیا جائے گا۔ چیف منسٹر کے سی آر مرکز کے خلاف غیر بی جے پی چیف منسٹرس کو متحد کرنا چاہتے ہیں تاکہ تمام ریاستوں کے ساتھ یکساں سلوک کیا جائے۔
ریاست کے مالی موقف کے علاوہ فلاحی اسکیمات پر عمل آوری میں رکاوٹ کا جائزہ لیا جائے گا۔ بجٹ کی کمی کے نتیجہ میں حکومت آئندہ مالیاتی سال کے بجٹ میں ترجیحات کو تبدیل کرنے کا منصوبہ بنارہی ہے۔ آئندہ بجٹ عام انتخابات سے قبل آخری بجٹ ہوگا۔ر