ریاست آسام میں 36 ہزار طلباء کو اسکوٹرس

   


75 فیصد نشانات حاصل کرنے والے طلباء کو فائدہ ، اسسٹنٹ پروفیسرس کی تنخواہوں میں اضافہ ، کابینہ میں منظوری
حیدرآباد۔21۔اکٹوبر(سیاست نیوز) حکومت آسام نے اعلیٰ نشانات سے کامیابی حاصل کرنے والے 36000طلبہ و طالبات کو اسکوٹر فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ۔ ریاستی کابینہ کی جانب سے دی گئی منظوری میں کہا گیا ہے کہ 258.9 کروڑ کی لاگت سے اس اسکیم پر عمل آوری کی جائے گی اور طلبہ کو ان اسکوٹرس کے رجسٹریشن کے لئے رقمی امداد بھی فراہم کی جائے گی۔ چیف منسٹر ہیمنت بسوا شرما کی کابینہ نے 35ہزار80ایسے طلبہ کا انتخاب کیا ہے جنہوں نے 75فیصد سے زائد نشانات حاصل کئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق 29ہزار748 طالبات جنہوںنے 75فیصد نشانات حاصل کئے ہیں انہیں اس اسکیم کے تحت اسکوٹر دی جائے گی جبکہ 6052 طلباء جنہوں نے 75 فیصد نشانات حاصل کئے ہیں انہیں اس اسکیم کے تحت اسکوٹر فراہم کی جائے گی۔ کابینہ نے طلبہ کے ساتھ ساتھ اسسٹنٹ پروفیسرس کے مشاہرہ میں بھی اضافہ کو منظوری دے دی ہے علاوہ ازیں دیگر اسکیمات پر بھی عمل آوری کے لئے کابینہ کی جانب سے راہ ہموار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔م