پی ایس آر یوانستھم کے تحت بے روزگار نوجوانوں کے لیے مفت آن لائن تربیت ، صحافیوں کے اراضی کا مسئلہ دیوالی تک حل کرنے کا ایقان
حیدرآباد، 29 اکتوبر ]سیاست نیوز[ریاستی وزیر پی۔ سرینیواس ریڈی نے اعلان کیا ہے کہ ریاست میں جلد ہی 15 ہزار سرکاری ملازمتوں پر تقررات عمل میں لائے جائیں گے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ بے روزگار نوجوانوں کو مسابقتی امتحانات کے لیے تیار کرنے کی غرض سے ‘پی ایس آر چیارٹیبل ٹرسٹ’ کے زیراہتمام ‘پی ایس آر یوانستھم’ کے نام سے مفت آن لائن تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ وزیر نے بتایا کہ اس سہولت سے استفادہ کے لیے اب تک ایک لاکھ سے زائد افراد اپنے ناموں کا اندراج کروا چکے ہیں، اور یہ تربیتی پروگرام ایک سال تک جاری رہے گا۔ اس کے علاوہ جو غریب طلبہ کتب کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے ، انہیں پی ایس آر یوانستھم کے ذریعے مفت کتب بھی فراہم کی جائیں گی۔وزیر موصوف نے سکریٹریٹ میں آر سی امتحانات کے تعاون سے اس تربیتی پروگرام کا باقاعدہ آغاز کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد نوجوانوں کو معیاری تربیت فراہم کر کے سرکاری ملازمتوں کے قابل بنانا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 2016 میں کھمم میں 2,300 نوجوانوں کو آن لائن تربیت دی گئی تھی جن میں سے 462 افراد مختلف سرکاری عہدوں کے لیے منتخب ہوئے تھے۔ اسی جذبے کے تحت اب پوری ریاست کے نوجوانوں کے لیے یہ سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ایک اور اہم معلومات دیتے ہوئے وزیر پی۔ سرینیواس ریڈی نے بتایا کہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے دیوالی تک صحافیوں کے لیے رہائشی پلاٹوں کے دیرینہ مسئلے کو حل کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ قبل ازیں، ایل نینو اور دیگر حالات کے پیشِ نظر وزیرنے اپنی سالگرہ انتہائی سادگی کے ساتھ منائی۔ چہارشنبہ کی صبح انہوں نے ریونت ریڈی سے خیر سگالی ملاقات کی، جہاں چیف منسٹر اور وزیر وکیتی سری ہری نے انہیں سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔ اس تقریب میں ایم پی رام سہائم رگھورام ریڈی، ایم ایل اے ویرشم، ایم ایل اے لکشما ریڈی اور دیگر نے شرکت کی۔—2