حکومت تمام شعبوں میں ناکام، پارٹی کیڈر انتخابی تیاریوں کیلئے تیار رہیں
حیدرآباد۔ یکم: مارچ (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے پارٹی کیڈر کو مشورہ دیا کہ وہ ضمنی انتخابات کے لئے تیار ہو جائیں۔ بہت جلد ریاست کے 10 اسمبلی حلقوں پر ضمنی انتخابات منعقد ہوں گے۔ کے ٹی آر نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس کے 10 ارکان اسمبلی نے پارٹی سے بے وفائی کرتے ہوئے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی جس کے خلاف بی آر ایس پارٹی قانونی کارروائی کررہی ہے۔ انہیں سپریم کورٹ پر یقین ہے کہ وہ انحراف قانون کے تحت کارروائی کرتے ہوئے پارٹی سے بے وفائی کرنے والے 10 ارکان اسمبلی کی رکنیت ختم کردے گی۔ کے ٹی آر نے چیف منسٹر پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کا نظم و نسق پر کنٹرول ختم ہو گیا ہے۔ حکومت تمام شعبوں میں ناکام ہوچکی ہے۔ اپنی ناکامیوں کی پردہ پوشی کے لئے چیف منسٹر ریونت ریڈی سابق بی آر ایس حکومت پر تنقید کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں سے راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کررہی ہے لیکن ریاست کی عوام وعدوں سے انحراف کرنے والے چیف منسٹر اور کانگریس حکومت کو ہرگز معاف نہیں کرے گی۔ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ نے چیف منسٹر کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کل ریونت ریڈی نے کانگریس پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے قائدین کو اچھے کام مائیک میں بولنے اور برے کاموں کو کان میں بولنے کی ہدایت دی ہے۔ دراصل چیف منسٹر نے آج تک کوئی اچھا کام نہیں کیا جس کو مائیک کے ذریعہ بولا جاسکے۔ کانگریس حکومت کے 15 ماہ کی تکمیل کے باوجود حکومت عوام سے کئے گئے کوئی بھی وعدے کو پورا نہیں کیا ہے جس سے عوام میں حکومت کے خلاف ناراضگی پائی جاتی ہے۔ لہذا وہ پارٹی کیڈر سے اپیل کررہے ہیں کہ اسمبلی کے ضمنی انتخابات ہوں یا مقامی اداروں کے انتخابات ان سب کے لئے تیار ہو جائیں۔ ہر انتخابات میں بی آر ایس پارٹی کامیابی حاصل کرے گی اور ساتھ ہی اپوزیشن کا تعمیری رول بھی ادا کرتی رہے گی۔ 2