ریاست میں 25 ستمبر تا 3 اکتوبر 9 روزہ بتکماں تقاریب کی تیاریاں

   


چیف سکریٹری سومیش کمار کا جائزہ اجلاس، عوامی مقامات اور سرکاری دفاتر کو سجانے کی ہدایت
حیدرآباد ۔19 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) چیف سکریٹری سومیش کمار نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ مجوزہ بتکماں فیسٹول کے بڑے پیمانہ پر انعقاد کی تیاریاں کریں۔ 25 ستمبر تا 3 اکتوبر بتکماں کی 9 روزہ تقاریب کا ریاست گیر سطح پر انعقاد عمل میں آئے گا ۔ 3 اکتوبر کو اہم تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا جس میں عوامی نمائندے شرکت کریں گے ۔ چیف سکریٹری نے آج بی آر کے بھون میں بتکماں فیسٹول کے بارے میں کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی ۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف حیدرآباد بلکہ تمام اضلاع میں تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا ۔ 9 روزہ تقاریب کے دوران اہم عوامی مقامات، ٹریفک آئی لینڈس اور سرکاری عمارتوں کو سجانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلا وقفہ برقی کی سربراہی کو یقینی بنایا جائے اور تقاریب کے سلسلہ میں ٹریفک کو باقاعدہ بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ حسین ساگر میں وسرجن کے تمام مقامات کی نشاندہی کی جائے گی اور کلچرل پروگراموں کے علاوہ ماہر تیراکوں کو تیار رکھا جائے گا ۔ میٹرو کے تمام پلرس کو خوبصورتی سے سجایا جائے گا ۔ فیسٹول کے بارے میں سوشیل میڈیا کے ذریعہ بڑے پیمانہ پر تشہیر کی جائے گی ۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں سے کہا کہ 3 اکتوبر کی اہم تقریب کی تیاریوں کا ابھی سے آغاز کریں۔ حسین ساگر کے اطراف موبائیل ٹائلٹس کا انتظامات کیا جائے جبکہ عوام میں بٹر ملک کے پیاکٹس کی تقسیم عمل میں لائی جائے۔ تمام ضلع ہیڈکوارٹرس پر سرکاری سطح پر تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا۔ جائزہ اجلاس میں ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی ، حکومت کے مشیر برائے ثقافت رمنا چاری ، اسپیشل چیف سکریٹری رانی کمودنی ، اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار ، اسپیشل چیف سکریٹری برقی سنیل شرما ، اسپیشل چیف سکریٹری فینانس کے رام کرشنا ، پرنسپل سکریٹری ہوم روی گپتا، کمشنر و سکریٹری پنچایت راج سندیپ کمار سلطانیہ ، کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار ، کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند ، کمشنر پولیس سائبر آباد اسٹیفن رویندرا ، مینجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس دانا کشور ، سکریٹری ہیلت سید علی مرتضیٰ رضوی، کمشنر انڈومنٹ انیل کمار ، اسپیشل سکریٹری بہبودی خواتین و اطفال شریمتی ڈی دیویا، ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن شریمتی دیوا سینا، کلکٹر حیدرآباد ڈی اموئے کمار اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ر