93 لاکھ ووٹرس کی تفصیلات آئندہ دو دن میں ویب سائٹ پر دستیاب ہوںگی ، الیکشن کمیشن کا فیصلہ
ووٹرس گھر بیٹھے اپنے نوٹس کا اسٹیٹس چک کرسکتے ہیں ، ریاستی وزیر پونم پربھاکر کی کانگریس وفد کے ساتھ سی ای او سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 8 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ میں ووٹر لسٹوں کی خصوصی جامع نظر ثانی عمل کے دوران چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی نے انتخابی عملہ اور حکام کے لیے سخت اور قطعی احکامات جاری کئے ہیں ۔ انہوں نے واضح اور دو ٹوک انداز میں حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں جن ووٹرس کو نوٹس جاری کی جارہی ہے ہر ایک نوٹس کو متعلقہ ووٹرس تک ہر قیمت پر پہونچایا جائے ۔ حیدرآباد کے بی آر کے بھون سے ریاست بھر کے تمام ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسرس اور الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرس کے ساتھ منعقدہ ایک اہم ویڈیو کانفرنس کے ذریعے سدرشن ریڈی نے کارکردگی کو مزید تیز اور شفاف بنانے کی ہدایت دی ۔ جائزہ اجلاس کے دوران چیف الیکٹورل آفیسر نے ہدایت دی کہ بلاک لیول آفیسرس کو ووٹرس کے اصل پتے پر بروقت نوٹس پہونچائی جائے اور غلطیوں کی درستگی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے بلاک لیول ایجنٹس کا تعاون حاصل کرنا چاہئے ۔ انہوں نے اضلاع کو فراہم کی گئی اضافی لاگ ان سہولیات کا بھر پور اور موثر استعمال کرنے کی ہدایت دی تاکہ زیر التواء تمام مقدمات اور درستگی کی درخواستوں کو مقررہ وقت کے اندر شفاف طریقے سے حل کیا جاسکے ۔ سی ای او نے زور دیا کہ ووٹر لسٹ میں موجود بے ضابطگیوں ، غلطیوں اور غیر میاپنگ کے نوٹس پر تمام تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ کھل کر تبادلہ خیال کیا جائے تاکہ شفافیت برقرار رہے ۔ سدرشن ریڈی نے کمپیوٹر آپریٹرس کو خبردار کیا کہ وہ ڈیٹا انٹری ، دستاویزات کی اپ لوڈنگ اور ڈیٹا پروسیسنگ میں کسی بھی قسم کی غفلت یا غلطی سے گریز کریں ۔ بزرگ شہریوں ، معذور افراد اور شناختی دستاویزات کی باریک بینی سے تصدیق کا کام براہ راست (DEO) اور (ERO) کے احاطے میں ہی انجام دیا جائے گا ۔ دوسری جانب ووٹر نوٹس کے اس پورے عمل کو عوامی اور شفاف بنانے کے حوالے سے ریاست میں ایک بڑی سیاسی پیشرفت سامنے آئی ہے ۔ ریاستی وزیر پونم پربھاکر اور پی سی سی الیکشن کمیشن کوآرڈینیشن کمیٹی کے صدر نشین پی راجیش کمار پر مشتمل اعلیٰ سطحی کانگریس وفد نے چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی سے ملاقات کی ۔ انہوں نے ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ریاست میں جن 93 لاکھ ووٹرس کو نوٹس جاری کئے جارہے ہیں ۔ ان کی تمام تفصیلات اور فہرستیں ( Public Domain ) میں فراہم کی جائیں ۔ کانگریس قائدین نے نشاندہی کی کہ کرناٹک ، اترپردیش اور آندھرا پردیش سمیت کئی دیگر ریاستوں میں ایسی فہرستیں پہلے ہی پبلک ڈومین میں دستیاب کرائی جاچکی ہیں ۔ لہذا تلنگانہ میں بھی شفافیت کا مظاہرہ کیا جائے ۔ اس مطالبے پر الیکشن حکام نے فوری اور مثبت ردعمل دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ آئندہ دو سے تین دن میں 93 لاکھ ووٹرس کی تمام تفصیلات اور نوٹس کی فہرست باضابطہ طور پر سی ای او کی سرکاری ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردی جائے گی ۔ جس سے ریاست کے لاکھوں ووٹرس گھر بیٹھے اپنے نوٹس کا اسٹیٹس دیکھ سکیں گے ۔۔ 2/a/b