ریاست کے 26 ہزار اسکولوں میں انفراسٹرکچر کیلئے 7289 کروڑ کی منظوری

   

پہلے مرحلہ میں 9 ہزار اسکولوں کا احاطہ، محبوبیہ اور عالیہ اسکولوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی

حیدرآباد۔/3 اگسٹ، ( سیاست نیوز) سرکاری اسکولوں میں انفرااسٹرکچر بہتر بنانے کیلئے حکومت نے 7289 کروڑ روپئے خرچ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جس کے تحت تین برسوں میں 26065 اسکولوں کا احاطہ کیا جائے گا۔ اسکیم کے نتیجہ میں 20 لاکھ سے زائد طلبہ کو بنیادی سہولتوں سے استفادہ کا موقع ملے گا۔ ’ میرا گاؤں۔ میرا اسکول ‘ اسکیم پر عمل آوری کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پائیلٹ پراجکٹ کے تحت 3.57 کروڑ کے خرچ سے 4 سرکاری اسکولوں کا احاطہ کیا گیا اور وہاں جو سہولتیں فراہم کی گئی ہیں وہ کارپوریٹ اداروں سے بہتر ہیں۔ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد سے حکومت نے تعلیم کے شعبہ پر توجہ مرکوز کی ہے جس کے تحت سرکاری اسکولوں میں انفرااسٹرکچر بہتر بنانے اور جاریہ تعلیمی سال سے انگلش میڈیم متعارف کیا گیا ۔ محکمہ تعلیم کے ذرائع کے مطابق سرکاری اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے 19 لاکھ 84 ہزار 167 طلبہ نئی سہولتوں سے استفادہ کرپائیں گے۔ سرکاری اسکولوں میں صاف پینے کے پانی کی سربراہی، ٹائیلٹس، مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات، گرین چاک بورڈ ، کچن شیڈ، نئے کلاس رومس، فرنیچر کی فراہمی، ڈائننگ ہال، ڈیجیٹل کلاس رومس اور دیگر سہولتوں کا منصوبہ ہے۔ 8 مارچ 2022 کو چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ضلع پریشد اسکول ونپرتی میں اسکیم کا آغاز کیا تھا۔ پہلے مرحلہ میں 13 لاکھ طلبہ کا احاطہ کیا جائے گا۔ حکومت نے اسکیم پر عمل آوری کیلئے اسکولوںکی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی ہیں جس میں اولیائے طلبہ کو شامل کیا گیا ہے۔ کاموں کی منظوری کی ذمہ داری متعلقہ ضلع کلکٹر کو دی گئی ہے۔ ارکان اسمبلی اور کونسل کے ترقیاتی فنڈز سے 40 فیصد بجٹ حاصل کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ پنچایت راج، ایس سی، ایس ٹی سب پلان کے تحت کسی قدر فنڈز منظور کئے جائیں گے۔ کارپوریٹ کمپنیوں سے عطیات وصول کرنے کی گنجائش رہے گی اور خانگی اداروں کے ذریعہ انفرااسٹرکچر سے متعلق اشیاء کو بطور عطیہ وصول کیا جاسکتا ہے۔ اسکیم کے تحت ریاست کے 9123 اسکولوں کی پہلے مرحلہ میں نشاندہی کی گئی ہے۔ پائیلٹ پراجکٹ کے تحت جن 4 اسکولوں کو ترقی دی گئی ان میں رنگاریڈی ضلع کے بالا پور منڈل میں واقع ضلع پریشد ہائی اسکول جلل گوڑہ ، راجندر نگر منڈل میں ضلع پریشد ہائی اسکول شیورام پلی، حیدرآباد میں گورنمنٹ ہائی اسکول عالیہ گن فاؤنڈری اور محبوبیہ گرلز اسکول شامل ہیں۔ حکومت نے سرکاری اسکولوں میں 12 مختلف سہولتوں کی فراہمی کو منظوری دی ہے۔ ر