حیدرآباد ۔ 22 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاست میں کورونا ٹیکہ اندازی کی خصوصی مہم بڑی تیزی سے جاری ہے ۔ صرف 5 دن کے دوران 21 لاکھ افراد کو کرونا ویکسین دیا گیا ۔ 16 ستمبر سے ریاست میں کورونا ٹیکہ اندازی کی خصوصی مہم کا آغاز ہوا ہے ۔ پانچ دن کے دوران ریاست کے 368 گاؤں میں عوام کو صد فیصد ٹیکے دئیے گئے ہیں ۔ حکومت نے ریاست کے 12,769 گاوں میں صد فیصد ٹیکہ دینے کا نشانہ مختص کیا ہے ۔ اس پروگرام میں محکمہ صحت کے علاوہ محکمہ پنچایت راج کا عملہ اہم رول ادا کررہا ہے ۔ دیہی علاقوں میں ٹیکہ اندازی مہم کی محکمہ دیہی ترقیات نگرانی کررہا ہے ۔ ریاست میں 18 سال عمر مکمل کرنے والے تمام افراد کو مفت ٹیکے دئیے جارہے ہیں ۔ منگل کی شام تک 368 مواضعات میں صد فیصد ٹیکہ اندازی کا عمل مکمل ہوگیا ہے ۔ محکمہ پنچایت راج کی جانب سے جاریہ ماہ ستمبر کے اواخر تک صد فیصد ٹیکہ اندازی والے گاوں کی تعداد کو 600 تک پہونچانے کا نشانہ مختص کرتے ہوئے کام کیا جارہا ہے ۔ ریاست کے 10 اضلاع میں 10 سے زائد گاوں میں صد فیصد ٹیکہ اندازی کی مہم مکمل ہوئی ہے ۔ ان متعلقہ اضلاع کے کلکٹرس نے جشن منانے کا عملہ کو حکم دیا ہے ۔ ٹیکہ اندازی کے معاملے میں ضلع کریم نگر سرفہرست ہے ۔ اس ضلع میں ابھی تک 79 گاوں میں صد فیصد ٹیکہ اندازی کی مہم مکمل ہوئی ہے ۔ دوسرے نمبر پر ضلع جئے شنکر بھوپال پلی ہیں جہاں 76 گاؤں میں صد فیصد ٹیکہ اندازی کی مہم مکمل ہوئی ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر کے آبائی ضلع میں 48 گاؤں ضلع ہنمکنڈہ میں 10 گاوں ، ضلع جگتیال میں 11 گاؤں ، ضلع کاماریڈی میں 23 گاوں ، ضلع کھمم میں 23 گاوں ضلع نرمل میں 11 ضلع سوریہ پیٹ میں 10 ضلع یادادری بھونگیر کے 14 گاؤں میں صد فیصد ٹیکہ اندازی کی مہم مکمل ہوئی ہے ۔۔ N