نئی دہلی ۔ 24جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم نے آج ریلویز کی جانب سے آئندہ دو برسوں میں 3لاکھ مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کو ایک اور جملہ سے تعبیر کیا ہے ۔ سلسلہ وار ٹوئیٹز کے ذریعہ سابق مرکزی وزیر چدمبرم نے کہا کہ ریلویز کی جانب سے جو اعلان کیا گیا ہے وہ حکومت کے دیگر شعبوں کی جانب سے کئے جانے والے دعوؤں کی طرح ایک جملہ ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک جانب حکومت ملازمتیں فراہم کرنے کا دعویٰ کررہی ہے تو دوسری جانب نوجوان بیروزگار ہیں ۔ چدمبرم نے ریلویز میں مخلوعہ جائیدادوں کے اعداد و شمار ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ریلویز میں گذشتہ پانچ برسوں کے دوران 2,82,976 مخلوعہ جائیدادوں پر بھرتی نہیں ہوئی ہیں لیکن اچانک ریلویز نے ان جائیدادوں پر تین مہینے کے اندر تقررات کا اعلان کیا ہے جو ایک اور جملہ ہے ۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز وزیر ریلوے پیوش گوئل نے کہا تھا کہ آئندہ 6ماہ کے دوران ریلویز میں 1.31لاکھ ملازمتیں فراہم کی جائیں گی جب کہ آئندہ دو برسوں کے دوران اس میں دوگنا اضافہ ہوگا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ انڈین ریلوے نے 15,06,598جائیدادوں پر بھرتی کیلئے منظوری دی ہے ، جبکہ1,51,548جائیدادوں پر بھرتی کا عمل شروع ہوچکا ہے ۔