ریونت ریڈی پر چندرا بابو نائیڈو کے ڈائریکشن میں کام کرنے کا الزام

   

زبان پر قابو نہ رکھنے پر گجویل میں جلسہ عام سے روکنے ٹی آر ایس کا انتباہ
حیدرآباد ۔ 19 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی نے چیف منسٹر اور تلنگانہ حکومت کے خلاف صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی کی تنقیدوں اور الزامات کی سخت مذمت کرتے ہوئے انہیں اپنا لب و لہجہ تبدیل کرلینے کا مشورہ دیا ۔ بصورت دیگر اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کا انتباہ دیا ۔ ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی جیون ریڈی ، اے وینکٹیشور ریڈی ، ایم کشن ریڈی ، جی بالراج نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عنقریب ریونت ریڈی کا دوبارہ جیل جانا طئے ہے ۔ ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی نے زبان پر قابو رکھنے کا ریونت ریڈی کو مشورہ دیا ۔ ان ارکان اسمبلی نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی سے ریاست کے عوام مطمئن ہیں اور دلت بندھو اسکیم سے عوام میں ٹی آر ایس کا گراف بڑھا ہے ۔ جس سے اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور عوام کو گمراہ کرنے کے لیے حکومت اور چیف منسٹر کے خلاف تنقیدیں کرتے ہوئے جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کررہے ہیں ۔ ووٹ برائے نوٹ کیس میں ریونت ریڈی پکڑے جانے والے چور ہیں جو لوگ ریونت ریڈی پر بھروسہ کررہے ہیں ان کا سیاسی کیرئیر بھی ختم ہوجائے گا ۔ دلتوں کو ترقی دینے کے لیے چیف منسٹر کے سی آر نے متعدد اسکیمات کو روشناس کرایا ہے ۔ کانگریس قائدین چلر سیاست سے دستبردار ہوجائے ۔ ورنہ عوام ہی انہیں سبق سکھائیں گے ۔ N