سکندرآباد کیلئے انیل کمار یادو کے نام کو منظوری، 9 اضلاع کے صدور کا تقرر
حیدرآباد۔/17 جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات سے قبل صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے تنظیم کے استحکام پر صدر کانگریس ملکارجن کھرگے اور جنرل سکریٹری اے آئی سی سی پرینکا گاندھی سے نئی دہلی میں ملاقات کی۔ ریونت ریڈی نے صدرکانگریس سے 9 اضلاع کے پارٹی صدور کے ناموں کی منظوری حاصل کرلی جس کے تحت سکندرآباد ضلع کانگریس کے صدر کی حیثیت سے ایم انیل کمار یادو کا تقرر کیا گیا جو انڈین یوتھ کانگریس کے آل انڈیا جنرل سکریٹری ہیں۔ انیل کمار یادو پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ اور سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو کے فرزند ہیں۔ پارٹی نے حیدرآباد کو تین اضلاع میں منقسم کیا ہے۔ حیدرآباد اور خیریت آباد اضلاع کیلئے صدور کا تقرر پہلے ہوچکا ہے جبکہ سکندرآباد ضلع کی صدارت پر کافی مسابقت تھی۔ ریونت ریڈی نے اپنے قریبی انیل کمار یادو کے نام کی منظوری حاصل کرلی۔ دیگر 8 اضلاع کے ضلعی صدور میں کے وشوا پرساد راؤ( آصف آباد ) اے پرکاش ریڈی ( بھوپال پلی ) پی دُرگا پرساد راؤ ( کھمم ) پی اشوک ( ملگ ) سی ایچ نرسمہا ریڈی (رنگاریڈی ) سی ایچ وینکنا یادو ( سوریا پیٹ) شریمتی نرملا گوڑ ( سنگاریڈی ) اور پی سورنا ( ورنگل ) شامل ہیں۔ ضلع صدور کے انتخاب کے سلسلہ میں اتم کمار ریڈی اور جگا ریڈی کے تجویز کردہ ناموں کو منظوری دی گئی۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے لیڈر شپ ڈیولپمنٹ مشن کے تحت ملک کے 11 پارلیمانی حلقوں کیلئے کوآرڈینیٹرس کا تقرر کیا۔ تلنگانہ میں ناگر کرنول لوک سبھا حلقہ کیلئے اے مدھو سدن ریڈی اور محبوب آباد لوک سبھا حلقہ کیلئے وجئے کمار گوڑ کو کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا۔ ریونت ریڈی نے ملکارجن کھرگے اور پرینکا گاندھی سے ملاقات کے دوران پولٹیکل افیرس کمیٹی اور ورکنگ کمیٹی کے بارے میں بھی نمائندگی کی۔ تلنگانہ سے کانگریس ورکنگ کمیٹی میں نمائندگی کی درخواست کی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ورکنگ کمیٹی کے علاوہ جنرل سکریٹریز اور سکریٹریز کے تقررات عمل میں لائے جائیں گے اور تلنگانہ کے موجودہ اے آئی سی سی انچارج سکریٹریز میں بعض کی تبدیلی کا امکان ہے۔ر