حیدرآباد۔/4 اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے خازن جی نارائن ریڈی نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ریونیو ، پنچایت راج اور میونسپل ایڈمنسٹریشن محکمہ جات کے ملازمین کو مکمل تنخواہ ادا کی جائے۔ نارائن ریڈی نے کہا کہ یہ صرف پولیس اور میڈیکل اینڈ ہیلت کے ملازمین کو مکمل تنخواہوں کی ادائیگی کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ یہ محکمہ جات بھی کورونا وائرس سے نمٹنے میں دن رات مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریونیو، پنچایت راج اور میونسپل ایڈمنسٹریشن کے ملازمین لاک ڈاؤن کے دوران پولیس اور میڈیکل اینڈ ہیلت کی مدد کررہے ہیں۔ میونسپل ملازمین کیمیائی ادویات کے چھڑکاؤ اور صحت و صفائی کی سرگرمیوں میں مصروف ہیں جبکہ ریونیو اور پنچایت راج ملازمین دیہی علاقوں میں اہم رول ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے جی او ایم ایس 27 میں ریونیو، پنچایت راج اور میونسپل ایڈمنسٹریشن کو بھی شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔