ریونیو خدمات میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی: کلکٹر

   

میدک 3 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز): ضلع کلکٹر پرتیما سنگھ نے ریونیو خدمات کی انجام دہی میں لاپروائی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تحصیلداروں کو ہدایت دی کہ وہ عوامی مسائل کی یکسوئی میں ذمہ داری اور شفافیت کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھومی بھارت کے تحت اراضی کے ری سروے میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔منگل کے روز کلکٹریٹ کے پرجاوانی ہال میں آر ڈی اوز اور تحصیلداروں کے ساتھ منعقدہ جائزہ اجلاس میں بھودار، اراضی ری سروے، دھان کی خریداری، ٹرپل آر، پرجاوانی کی زیر التواء درخواستوں اور دیگر ریونیو امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کلکٹر نے کہا کہ اراضی کے تنازعات کے مستقل حل اور زمین کے ریکارڈ میں شفافیت پیدا کرنے کے مقصد سے حکومت ری سروے کا عمل انجام دے رہی ہے۔ اس سلسلے میں کسانوں کو سروے کے مقاصد اور فوائد سے واقف کروانے کے ساتھ ان کا تعاون حاصل کیا جائے۔ سروے سے قبل کسانوں کو اطلاع دی جائے اور ان کی موجودگی میں ہی اراضی کی حدود کی نشاندہی کی جائے۔ تحصیلدار فیلڈ میں دستیاب رہتے ہوئے سروے ٹیموں کے کام کی نگرانی کریں۔انہوں نے کہا کہ ہر اراضی کو آدھار کی طرز پر 12 ہندسوں پر مشتمل منفرد بھودار نمبر الاٹ کرنے کے عمل میں تیزی لائی جائے۔ ری سروے کے بعد بھودار نمبر اور لینڈ بیسڈ میپ (ایل بی ایم) کو مربوط کرنے سے اراضی کے حقوق اور حدود واضح ہوں گے اور مستقبل میں زمین کی خرید و فروخت میں جعلسازی کے امکانات ختم ہوں گے۔ری سروے کے طریقہ کار سے ناواقفیت اور کام میں لاپروائی پر کلکٹر نے ویلدرتی تحصیلدار کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت ایڈیشنل کلکٹر ناگیش کو دی۔