نئی دہلی، 2 نومبر (یواین آئی) کانگریس پارلیمانی پارٹی کی صدر سونیا گاندھی نے پیر کی صبح راشٹریہ جنتا دل کے سربراہ اور بہار کے سابق چیف منسٹر لالو پرساد یادو سے ملاقات کرکے ان کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ سونیا گاندھی نے لالو یادو کی بیٹی رکن پارلیمنٹ میسا بھارتی کی رہائش گاہ پہنچ کر اُن کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر میسا بھارتی اور خاندان کے دیگر افراد بھی موجود تھے ۔میسا بھارتی نے سونیا گاندھی کو بتایا کہ ان کے والد کی صحت میں بہتری آرہی ہے اور ڈاکٹروں کی نگرانی میں ان کی حالت مستحکم ہے ۔ لالو یادو کے اہل خانہ نے سونیا گاندھی کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔اس ملاقات کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرکے لالو یادو نے کہا کہ سونیا گاندھی ان کی رہائش گاہ پر پہنچیں اور ان کی صحت سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران ماضی کی یادیں بھی تازہ ہوئیں۔لالو یادو نے یو پی اے حکومت کے دور کا ذکر کرکے کہا کہ اس دوران نوجوانوں، کسانوں، جوانوں اور عام لوگوں کے مفاد میں شفاف اور عوامی فلاح و بہبود کی متعدد اسکیمیں نافذ کی گئی تھیں۔انہوں نے مہاتما گاندھی قومی روزگار ضمانت ایکٹ ، حقِ تعلیم اور آر ٹی آئی جیسے قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات نے ملک کے عوام کو بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی قیادت والی یو پی اے حکومت کے دور میں بہار کی ترقی کیلئے ایک لاکھ 45 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم فراہم کیے جانے کا بھی ذکر کیا۔