ریو پارٹی : ٹالی ووڈ کے تین ایکٹرس کو بنگلورو پولیس کی نوٹس

   

ہیما اور آشی رائے شامل، ڈرگس سپلائیرس کا پتہ چلانے کال ریکارڈنگ کی جانچ، ملزمین کا آندھرا پردیش سے تعلق
حیدرآباد۔/26 مئی، ( سیاست نیوز) بنگلورو پولیس نے ریو پارٹی میں ڈرگس کے استعمال کے معاملہ میں تحقیقات میں تیزی پیدا کرتے ہوئے ٹالی ووڈ کے دو ایکٹریس ہیما، آشی رائے اور سپورٹنگ ایکٹر چرنجیوی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تحقیقات کیلئے پولیس کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت دی ہے۔ بنگلورو کے نواحی علاقہ میں گذشتہ ہفتہ پولیس نے فارم ہاوز پر دھاو کیا اور تقریباً 100 افراد کو حراست میں لیا تھا جن میں فلم ایکٹرس ، بزنس مینس اور سیاسی قائدین کے رشتہ دار شامل تھے۔ پولیس نے 86 افراد کے خون کا معائنہ کرایا تاکہ ڈرگس کے استعمال کا پتہ چلایا جاسکے۔ 86 افراد کے بلڈ سیمپل پازیٹیو پائے گئے۔ پولیس نے بتایا کہ ہیما، آشی رائے اور چرنجیوی کے بلڈ سیمپل بھی پازیٹیو پائے گئے جس کی بنیاد پر انہیں نوٹس جاری کی گئی۔ پولیس نے ڈرگس کے استعمال کے بارے میں دو علحدہ ٹسٹ کرائے تھے اور دونوں میں بلڈ کے استعمال کا ثبوت دستیاب ہوا۔ پولیس پازیٹیو نتیجہ آنے کے بعد تمام افراد کو مرحلہ وار طور پر تحقیقات کیلئے طلب کررہی ہے۔ واضح رہے کہ ہیما نے گرفتاری کے بعد پولیس عہدیداروں سے درخواست کی تھی کہ ان کی شناخت برسر عام نہ کی جائے۔ انہوں نے فارم ہاوز کے کسی گوشہ میں ایک ویڈیو تیار کیا جس میں یہ دعویٰ کیا کہ وہ حیدرآباد میں ہیں۔ بعد میں یہ ویڈیو بنگلورو کے فارم ہاوز میں تیار کردہ ثابت ہوا۔ بتایا جاتا ہے کہ بنگلورو پولیس نے نارکوٹکس کے ماہرین کی خدمات حاصل کی ہیں تاکہ ملزمین کے خلاف کارروائی میں مدد ملے۔ الیکٹرانک سٹی بنگلورو کے قریب جی این ریڈی فارم ہاوز میں گذشتہ ہفتہ دھاوے کے دوران بڑی مقدار میں ڈرگس کی مختلف اقسام کو ضبط کیا گیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ برتھ ڈے پارٹی کے نام پر ہر ایک سے 2 لاکھ روپئے وصول کئے گئے اور یہ فارم ہاوز میں روایتی طرز کی ریو پارٹی تھی جو سابق میں بھی منعقد کی گئی تھی۔ تحقیقاتی عہدیداروں کے مطابق پارٹی کے شرکاء میں زیادہ تر تلگو ریاستوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں جن میں آئی ٹی پروفیشنلس بھی موجود تھے۔ پولیس نے 73 مرد افراد میں 59 اور 30 خواتین میں 27 کے بلڈ سیمپلس کو پازیٹیو پایا۔ پانچ افراد کو حراست میں لیا گیا جن میں سے اصل ملزم ایل واسو کو پولیس تحقیقات کیلئے اپنی تحویل میں لینے کی کوشش کررہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ریو پارٹی اور ڈرگس کی سربراہی کے روابط کا پتہ چلانے کیلئے واسو کو پولیس اپنی تحویل میں لے گی جس کیلئے عدالت میں درخواست داخل کی گئی ہے۔ اسی دوران بنگلورو پولیس ملزمین کے ٹیلی فون نمبرات کے ذریعہ ڈرگس کی سربراہ کرنے والے افراد کا پتہ چلانے کی کوشش کررہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق کال ریکارڈنگ اور دیگر ذرائع سے ان افراد کی نشاندہی کی جارہی ہے جنہوں نے پارٹی کیلئے ڈرگس سپلائی کیا تھا۔ سنٹرل کرائم برانچ کے عہدیدار 20 مئی کو منعقدہ پارٹی کی مختلف زاویوں سے تحقیقات کررہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ایل واسو کا تعلق آندھرا پردیش کے وجئے واڑہ سے ہے۔ اس کے ساتھیوں میں 31 سالہ ارون کمار، 32 سالہ ناگا بابو ساکن وجئے واڑہ، 43 سالہ رندھیر بابو ساکن چتور اور بنگلورو سے تعلق رکھنے والے محمد ابوبکر کو حراست میں لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نوٹس کی اجرائی کے بعد تحقیقات کیلئے حاضر ہونے والے افراد کی جانچ کی جائے گی جس کے بعد ہی انہیں تحویل میں لینے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ ضبط ڈرگس کے نمونوں کو فارنسک لیاب روانہ کیا گیا جن میں MDMA کی 14.4 گرام گولیاں، 1.16 گرام MDMA کرسٹل، 6 گرام ہائیڈرو کینبس، 5 گرام کوکین، 6 گرام ہائیڈرو گانجہ اور 500 کے کرنسی نوٹس جنہیں ڈرگس سے کوٹنگ کی گئی تھی شامل ہیں۔ کال ریکارڈنگ کی بنیاد پر ملزمین کی شناخت کی جائے گی۔1