زرعی مسائل، بے روزگاری، بانٹنے والی طاقتیں اور ماحولیاتی تباہی سب سے بڑا چیلنج: منموہن

,

   

سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے زرعی مسائل، بے روزگاری اور ماحولیاتی تباہی کو ہندوستانی معیشت کے لئے بڑے چیلنجز قرار دیتے ہوئے اتوار کو کہا کہ اس کا اثر سماج پر پڑرہا ہے

ڈاکٹر سنگھ نے یہاں ایک تعلیمی ادارے میں تقسیم اسناد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوٹ بندی اور گڈس اینڈ سروس ٹیکس (جی ایس ٹی) سسٹم کے غلط طریقے سے نفاذ نے ہندوستانی معیشت کو زبردست جھٹکا دیا ہے۔ حکومت کے ان دونوں اقدامات سے چھوٹے اور غیر منظم کاروبار کی کمر ٹوٹ گئی ہے۔

کانگریس کے سینئر لیڈر نے کہا کہ صنعتی وتجارتی علاقے کی ترقی اور نفاذ کے لئے بہتر منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ کی تباہی، روزگار میں کمی کے امکانات، ماحولیاتی تباہی اور بانٹنے والی طاقتیں ہندوستانی معیشت کے لئے بڑاچیلنج ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ’’کسانوں کی خودکشی اور ان کے مسلسل مظاہرے ہندوستانی معیشت کے غیر متوازن ترقی کااظہار ہے۔ اس کی گہرائی سے تجزیہ کرنے اور سیاسی طور سے حل کرنے کی ضرورت ہے‘‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ صنعتی ترقی کی رفتار نہ پکڑنے سے روزگار کےمناسب امکانات پیدا نہیں ہورہے ہیں۔ روزگار سے عاری ترقی حقیقی روزگار کو ختم کرنے والا ثابت ہورہا ہے۔اس سے نوجوان مشتعل ہورہے ہیں۔