مرکزی جلسہ سیرت النبیؐ سے مولانا جعفر پاشاہ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 8 اکٹوبر (پریس نوٹ) مولانا محمد حسام الدین ثانی عاقل جعفر پاشاہ نے حسامیہ منزل پنجہ شاہ سے ایوان فاضلؒ و عاقل میں ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے منعقدہ مرکزی جلسہ سیرت النبیؐ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذاتِ اقدس ساری انسانیت کیلئے قابل تقلید و عمل ہے۔ آنحضرتؐ نے ساری انسانیت کو پیدائش سے لیکر موت تک زندگی گذارنے کا جو عملی سلیقہ پیش فرمایا قیامت تک ایسی کوئی مثال نہیں مل سکتی۔ مولانا نے کہا کہ عقیدہ توحید، دین اسلام کی تبلیغ، معاشرتی آداب، بزرگوں اور بڑوں کا احترام، چھوٹوں پر رحم و کرم، پڑوسیوں سے بہترین تعلقات، معاملاتِ زندگی، عبادات و ریاضات کی سرکاردوعالمؐ نے ہمیں جو تعلیمات دی ہیں، اس پر عمل کرکے ہی ہم دین و دنیا میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ جلسہ کا آغاز قاری محمد عبدالقیوم شاکر کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ ڈاکٹر رضی الدین رحمت حسامی نے مخاطب کیا۔ قاری عبدالخالق انظر، جناب عابد حسامی اور جناب محمد مصطفی صدیقی مسکین حسامی نے نعت شریف سنائی۔ مولانا جعفر پاشاہ نے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے عامتہ المسلمین بالخصوص نوجوانوں کو تلقین کی کہ میلاد کے موقع پر سڑکوں پر غیرضروری گھومنے، نعرے لگانے اور سڑکوں پر گاڑیاں کھڑا کرکے عوام کو تکلیف دینے کے عمل سے پرہیز کریں۔ بعض نوجوان سڑکوں پر کرتب بازی کررہے ہیں، زوردار ریکارڈنگ اور شوروپکار سے عوامی چین و سکون غارت کردیا جارہا ہے۔ افسوس اس بات کا ہیکہ یہ سب تکلیف دہ کام میلاد کے نام پر میلاد کے دن اور اس سے ایک دو دن قبل کئے جارہے ہیں۔ میلاد کے موقع سے بھی ہم غریبوں اور غریب رشتہ داروں کی مالی مدد کریں۔ مولانا جعفر پاشاہ نے کہا کہ کھانا کھلانے کا بڑا ثواب ہے اور جب طعام عام کا اہتمام کیا جائے تو انتظام اس طرح ہوکہ آمدورفت میں کسی بھی قسم کا کوئی خلل نہ ہونے پائے۔ مولانا نے کہا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے منافق بھی موافق اسلام ہوگئے لیکن آج امت کے بعض نوجوانوں کے طرزعمل و طرز زندگی سے اسلام کی حقیقی شبیہ متاثر ہورہی ہے۔