حیدرآباد۔ 24 نومبر( پریس نوٹ ) اولمپک بیڈمنٹن میڈلسٹ اور پدم بھوشن ایوارڈ یافتہ سائنا نہوال نے آئی ویژن یوتھ پارلیمنٹ کے تیسرے ایڈیشن کے اختتامی اجلاس میں بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ دو روزہ گرینڈ فائنل 23 اور 24 نومبر کو یوسف گوڑہ کے شوریہ کنونشن سنٹر میں منعقد ہوا۔اس پروگرام میں تلنگانہ کے 27 اسکولوں سے تعلق رکھنے والے 400 سے زائد طلبہ نے حصہ لیا۔ اس موقع پر سائنا نہوال نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ زندگی میں کچھ بھی ناممکن نہیں ہے۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی غلطیوں سے سبق سیکھیں اور مسلسل سیکھنے کا عمل جاری رکھیں۔یوتھ پارلیمنٹ کے دوران طلبہ نے فرضی پارلیمانی اجلاسوں، مباحثوں اور مختلف کمیٹیوں کی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہوئے عصری مسائل پر تبادلہ خیال کیا اور مختلف موضوعات پر اپنی آراء پیش کیں۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو جمہوری عمل اور پارلیمانی مباحثوں سے عملی واقفیت فراہم کرنے کے ساتھ ان میں اظہارِ خیال، دوسروں کی بات سننے اور قیادت کی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔ پروگرام میں تمام اسکولوں اور طلبہ کے لیے شرکت مفت رکھی گئی تھی تاکہ مختلف تعلیمی اور سماجی و معاشی پس منظر سے تعلق رکھنے والے بچوں کو یکساں مواقع فراہم کیے جاسکیں۔یہ پروگرام بلڈ اے بیٹر فیوچر (BBF) کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا جس کی سکریٹری انجلی گپتا ہیں۔ پروگرام کے انعقاد میں اَنکور گپتا کی قیادت میں کام کرنے والے ادارے اکشنا مارکیٹنگ نے بھی تعاون کیا جبکہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا نے پروگرام کی سرپرستی کی۔واضح رہے کہ بلڈ اے بیٹر فیوچر (BBF) کا قیام ستمبر 2023 میں عمل میں آیا تھا۔ حیدرآباد میں قائم یہ غیر سرکاری تنظیم تلنگانہ کے دیہی علاقوں کے سرکاری اور کم فیس والے خانگی اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے کام کررہی ہے۔