اندور : مدھیہ پردیش کے ضلع اندورمیں پانچ دن پہلے ایک طالب علم کے ذریعہ پٹرول ڈال کرجلائی گئی پرنسپل کی آج صبح موت ہوگئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ پانچ دنوں سے انتہائی نازک حالت میں اسپتال میں داخل پرنسپل ویمکتا شرما کی آج علی الصبح موت ہوگئی۔ سمرول تھانہ علاقہ میں واقع ایک کالج کے پرنسپل ویمکتا شرما کو پانچ دن پہلے کالج کے ہی ایک طالب علم نے پٹرول چھڑک کر جلا دیا تھا۔ اس کے بعد ملزم طالب علم نے بھی مبینہ طور پر خود کو آگ لگا کر خودکشی کی کوشش کی تھی۔ اس معاملے میں ملزم خود بھی مبینہ طور پر معمولی جھلس گیا تھا، جس کے بعد اسے بھی پولیس حراست میں لے کر اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ ملزم طالب علم اپنے امتحانی نتائج سے ناراض تھا اور اسی وجہ سے اس نے یہ قدم اٹھایا۔